ایران اسرائیل جنگ شدت اختیار کر گئی، بیئر شیبا سے تہران تک تباہی کی لہر
ایرانی میزائل حملے سے مائیکرو سافٹ اور وائز مین انسٹیٹیوٹ متاثر، اسرائیل کے 120 فضائی حملے، خطہ جنگ کے دہانے پر؛ سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب
تہران: ایران کی جانب سے جنگ کے آٹھویں روز جنوبی اسرائیل میں میزائلوں سے حملہ کیا گیا ہے جس سے متعدد عمارتیں ملیا میٹ ہو گئی ہیں اور بیشتر مقامات سے دھواں اٹھ رہا ہے، مائیکرو سافٹ کا دفتر بھی متاثر ہوا۔
اسرائیلی فوج نے میزائل روکنے میں ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے انٹرسیپٹر میں ممکنہ خرابی کو اس کی وجہ قرار دے دیا۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایران نے آج صبح ایک مرتبہ پھر اسرائیل پر میزائلوں کی بارش کردی، اسرائیل کے شہر بیرشیبا میں ایک میزائل گرنے سے مائیکرو سافٹ آفس کے قریب بڑے پیمانے پر آگ لگ گئی۔
بحیرۂ مردار میں ڈرونز کی دو بار پروازوں کے بعد بیلسٹک میزائل داغے گئے، حملے میں کسی کے ہلاک ہونے کی اطلاع نہیں ملی البتہ جنوبی اسرائیل کے علاقے بیرشیبا میں سینکڑوں گاڑیوں کی تباہی کی اطلاعات آئی ہیں۔
ایرانی میڈیا کے مطابق آپریشن وعدہ صادق سوم کے تحت میزائل حملے کی چودھویں لہر اٹھی جس کی ایران نے ویڈیو بھی جاری کی، اس لہر میں اسرائیلی فوج کے کمانڈ اور انٹیلی جنس ہیڈ کوارٹرز کو نشانہ بنایا گیا۔
دوسری طرف اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ رات بھر تہران میں درجنوں حملے کیے، ان حملوں میں 60 طیاروں نے حصہ لیا اور 120 اہداف کو نشانہ بنایا، ان حملوں میں میزائل بنانے والی فیکٹریوں کو نشانہ بنانے کا بھی دعویٰ کیا گیا۔
اسرائیلی حکام نے جنوبی اسرائیل میں ایرانی حملے کے بعد بیرشیبا کا ریلوے سٹیشن بند کر دیا ہے، شہریوں کو متاثرہ مقامات سے دور رہنے کی ہدایت کی، بتایا گیا ہے کہ یہ میزائل براہ راست داغا گیا ہے، اسے دفاعی نظام روکنے میں ناکام رہا۔
اسرائیلی ایمرجنسی سروسز نے حملے میں ہلاکتوں کی اطلاع نہیں دی، صرف کچھ افراد زخمی ہونے کا بتایا ہے۔
قطری نشریاتی ادارے کے مطابق بیرشیبا میں ابھی ہدف کا پتا نہیں چل سکا، البتہ متاثرہ مقامات سے دھواں اٹھتا نظر آ رہا ہے، اس علاقے میں سائرن بج رہے ہیں، اسرائیلی فوج کے مطابق میزائل حملوں کو ناکارہ بنانے کی کوشش جاری ہے۔
قبل ازیں ایران نے آپریشن وعدہ صادق سوم کے تحت اسرائیل پر دوبارہ میزائل داغے اور ڈرون حملے کیے جن سے فوج کے کمانڈ اور انٹیلی جنس ہیڈ کوارٹرز کو نشانہ بنایا گیا۔
ایران کے رشت انڈسٹریل سٹی میں دھماکے
ایرانی ذرائع ابلاغ نے صوبہ گیلان کے علاقے رشت انڈسٹریل سٹی میں دھماکے کی اطلاع دی ہے۔
اسی دوران سوشل میڈیا پر علاقے سے ویڈیوز شائع کی گئی ہیں جن میں دھماکے اور اس کے نتیجے میں لگنے والی آگ کو دکھایا گیا ہے۔
ایک گھنٹہ پہلے یہ اطلاع ملی تھی کہ اسرائیلی فوج نے رشت کے قریب سیفیدرڈ انڈسٹریل اسٹیٹ کے رہائشیوں کو انخلا کی وارننگ جاری کی تھی۔
امریکا اسرائیل کو ہتھیار دینا بند کرے: یہودی تنظیم
دوسری طرف امریکا میں ’’یہودی بآواز امن‘‘ نامی امریکی یہودیوں کی ایک تنظیم نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل کو ہتھیار نہ دیے جائیں، ورنہ پورے خطے میں جنگ لگ جائے گی، امریکہ اسلحہ دینا بند کرے۔
اس یہودی تنظیم نے کہا کہ مغرب کی جانب سے اسرائیلی حکومت کے فلسطینیوں کے خلاف جنگ جرائم کی پشت پناہی اور امریکا کی جانب سے غیر مشروط طور پر ہتھیاروں کی فراہمی سے آج یہ دن آیا ہے۔
امریکا ہر سال اسرائیل کو 3.8 ارب ڈالر کی فوجی امداد دیتا ہے جبکہ غزہ پر بمباری کے بعد اس امداد کو کئی گنا بڑھا دیا گیا۔
یہودی تنظیم نے کہا کہ امریکہ کی پشت پناہی اور امداد کی وجہ سے اسرائیل نے ایران سے جنگ چھیڑی اور فلسطین میں بھی لوگوں کو بھوکا مار رہا ہے۔
یہودی تنظیم نے دو ٹوک کہا کہ اسرائیل غزہ میں نسل کشی کر رہا ہے اور خطے میں جنگ پھیلا رہا ہے، امریکہ اسے مسلح کرنا بند کر دے ۔
علاوہ ازیں وینزویلا میں ہزاروں افراد نے ایران اور فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے مظاہرہ کیا جس میں اسرائیل کی دہشت گردانہ حکمت عملی کے خلاف احتجاج کیا گیا اور مغرب کی منافقانہ پالیسیوں کی مذمت کی گئی۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیلی حکام نے الزام لگایا ہے کہ گزشتہ روزایران نےاسرائیل پر داغے گئے میزائلوں میں کلسٹرمواد استعمال کیا۔
رپورٹ کے مطابق ایک میزائل فضا میں پھٹا اور 8 کلومیٹرکےعلاقے میں چھوٹے چھوٹے میزائل بکھیر دیے، چھوٹے میزائلوں کو گرانااسرائیلی دفاعی نظام کے لیے مشکل تھا۔
رپورٹ کے مطابق کلسٹر مواد کی وجہ سے جمعرات کواسرائیل پر داغے گئے40 میزائلوں میں بیشتر نے تباہی مچائی۔
اسرائیل ایران جنگ پر سلامتی کونسل کا اجلاس آج ہوگا
اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری جنگ پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اہم اجلاس آج ہوگا۔
اس کے علاوہ جرمنی، فرانس اور برطانیہ کے وزرائے خارجہ آج جنیوا میں ایرانی ہم منصب سے جوہری مذاکرات کریں گے۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بھی مذاکرات میں شرکت کی تصدیق کردی۔
واضح رہے کہ یورپی وزرائے خارجہ کی ایرانی ہم منصب سے ممکنہ ملاقات پر امریکا نے بھی اتفاق کیا۔
وائزمین انسٹیٹیوٹ پر ایرانی حملے نے کئی سال پیچھے دھکیل دیا: اسرائیلی سائنسدان
اسرائیلی سائنسدانوں نے ایران کے میزائل حملے میں اسرائیل کے بڑے تحقیقی مرکز وائز مین انسٹیٹیوٹ کو پہنچنے والے نقصان کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی میزائل حملے نے ان کی تحقیق کو کئی سال پیچھے دھکیل دیا ہے۔
ادارے کے نائب صدر برائے ترقی و ابلاغ روئی اوزری نے تصدیق کی ہے کہ کئی عمارتوں کو نقصان پہنچا، جن میں سے دو عمارتوں کو براہ راست نشانہ بنایا گیا،خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا کیونکہ اس وقت عمارتیں خالی تھیں اور حملے کے وقت کوئی طالبعلم، محقق یا فیکلٹی ممبر موجود نہیں تھا۔
روئی اوزری نے بتایا کہ حملے کے بعد آگ بجھانے کی کوششوں کے دوران، لیبارٹریوں سے جتنا ممکن ہو سکا، نمونے بچانے کی کوشش کی گئی، لیکن بہت سا قیمتی سائنسی مواد تباہ ہو چکا تھا، اس نقصان سے بحالی میں کافی وقت لگے گا، بعض تجربات جن میں ہم نے 6 ماہ یا ایک سال کی محنت سے نمونے جمع کیے تھے، سب کچھ ضائع ہو چکا ہے۔۔
انہوں نے کہا کہ میری رائے میں دوبارہ مکمل طور پر تحقیق شروع کرنے اور نظام کو مکمل طور پر بحال کرنے میں تقریباً ایک سال لگے گا، میں یہ بات دہرانا چاہتا ہوں کہ ہماری کچھ تحقیق ایسی ہے جو اب دوبارہ ممکن نہیں ہو سکے گی۔