منگلا واٹر ریزورٹ کا شاندار افتتاح — پاکستان کی طویل ترین زپ لائن اور جدید واٹر اسپورٹس کا آغاز
منگلا جھیل کے کنارے بین الاقوامی معیار کا تفریحی مقام، فیملیز، سیاحوں اور ایڈونچر کے شوقین افراد کے لیے جنت
راولپنڈی : منگلا ڈیم کے خوبصورت کنارے پر تعمیر کیے گئے "منگلا واٹر ریزورٹ” کا باقاعدہ افتتاح شاندار تقریب کے ساتھ کر دیا گیا، جس میں ملک بھر سے آئے ہوئے سیاحوں، سوشل میڈیا انفلوئنسرز، فیملیز، بلاگرز اور معروف ٹک ٹاکرز سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔ یہ ریزورٹ نہ صرف پاکستان میں ایک منفرد تفریحی مقام ہے بلکہ یہاں موجود جدید سہولیات نے اسے بین الاقوامی معیار کا سیاحتی پوائنٹ بنا دیا ہے۔
تقریب میں سب سے زیادہ توجہ کا مرکز پاکستان کی اب تک کی سب سے طویل زپ لائن رہی جو تقریباً ایک کلومیٹر طویل ہے اور منگلا جھیل کے اوپر سے گزرتی ہے۔ اس زپ لائن نے سنسنی کے شوقین افراد کو ایک انوکھا اور یادگار تجربہ فراہم کیا۔ یہ زپ لائن مکمل طور پر محفوظ اور بین الاقوامی معیار کے مطابق ڈیزائن کی گئی ہے۔
واٹر ریزورٹ میں زپ لائن کے علاوہ بھی متعدد دلچسپ سرگرمیاں متعارف کروائی گئی ہیں، جن میں پیرسائلنگ، واٹر اسکیئنگ سمیت دیگر واٹر ایکٹیویٹیز شامل ہیں۔ یہ سرگرمیاں نہ صرف نوجوانوں بلکہ فیملیز و بچوں کے لیے بھی کشش کا باعث بن رہی ہیں۔
افتتاحی تقریب میں بچوں کو بھی خصوصی اہمیت دی گئی ، بچوں کے لیے انٹرٹینمنٹ زون قائم کیا گیا، جہاں میجک شوز، فائر شو، پپٹ شو اور تفریحی سرگرمیوں کا اہتمام تھا۔ اس کے ساتھ ساتھ قوالی، لائیو سنگرز کی پرفارمنس اور مختلف اقسام کے کھانے کے اسٹالز شامل تھے۔ فیملیز نے ان سرگرمیوں کو خوب سراہا اور بچوں نے دل کھول کر انجوائے کیا۔
ریزورٹ کی انتظامیہ کے مطابق ان تفریحی سرگرمیوں کا مقصد نہ صرف عوام کو مثبت تفریح فراہم کرنا ہے بلکہ پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے لیے ایک نیا معیار قائم کرنا ہے۔ منگلا واٹر ریزورٹ اپنی نوعیت کا پہلا ریزورٹ ہے جو قدرتی حسن، جدید تفریحی سہولیات اور فیملی فرینڈلی ماحول کو یکجا کرتا ہے۔ یہ نہ صرف سیاحوں کے لیے پرکشش مقام بن چکا ہے بلکہ کارپوریٹ ٹیم بلڈنگ، کالج یونیورسٹی ٹرپ اور گروپ ایونٹس کے لیے بھی بہترین آپشن ثابت ہو رہا ہے۔