400 ملین ڈالر کے منصوبے سے علاقہ عالمی سیاحتی مرکز میں تبدیل
ازبکستان کے صدر کا شخرسبز میں سیاحتی ترقی کا جائزہ
تاشقند، :
ازبکستان کے صدر شوکت مرزایوف نے شخرسبز ضلع میں حصار پہاڑوں کے دامن میں سیاحت کی ترقی کے منصوبوں کا جائزہ لیا۔
سیاحت وہ شعبہ ہے جو نہ صرف روزگار کے بے شمار مواقع فراہم کرتا ہے بلکہ کم سرمایہ کاری سے گھریلو آمدنی میں اضافہ اور پسماندہ علاقوں کی شکل و صورت بدلنے کا ذریعہ بھی بنتا ہے۔ کاشقدریا ریجن کو اس حوالے سے بے پناہ امکانات حاصل ہیں۔
صدر کے 28 نومبر 2023 کے فیصلے کے تحت کاشقدریا کے پہاڑی علاقوں میں جدید سیاحتی انفراسٹرکچر قائم کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر منصوبے جاری ہیں۔ اس مقصد کے لیے غیر ملکی ماہرین اور کمپنیوں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ میرکی، امیر تیمور، اولوچ، اور پولمون کی محلہ جات میں جدید سیاحتی سہولیات تعمیر کی جا رہی ہیں۔
کل 240 ہیکٹر رقبے پر 117 منصوبوں پر کام جاری ہے جن میں 400 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔ ان منصوبوں سے 1,700 مستقل روزگار کے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔
صدر نے میرکی میں کیے گئے ترقیاتی کاموں، لینڈ سکیپنگ اور تعمیر شدہ سہولیات کا جائزہ لیا۔ آکسو دریا کے دونوں کناروں پر 10 کلومیٹر لمبی ماحولیاتی پگڈنڈی بنائی گئی ہے جہاں لوگ پیدل یا سائیکل پر سیر کر سکتے ہیں۔ بچوں کے لیے کھیل کا میدان، تفریحی پارک، بزرگوں کے لیے آرام گاہ، خاندانی گیسٹ ہاؤسز اور خریداری کے پویلین بھی تعمیر کیے گئے ہیں۔
میرکی انٹرنیشنل ٹورزم سینٹر میں اب دو ہوٹل، شاپنگ اور انٹرٹینمنٹ کمپلیکس، 600 مہمانوں کے لیے رہائش اور 300 افراد کے لیے فیملی ہاسٹل کام کر رہے ہیں، جس سے ہر سال 3 لاکھ سے زائد سیاحوں کو سہولت دی جا سکتی ہے۔
صدر مرزایوف نے اس موقع پر کہا:
"شخرسبز کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ یہ سال بھر وزٹ کیا جا سکتا ہے۔ ہم سڑکیں، ہوٹلز اور بنیادی سہولیات فراہم کر رہے ہیں، اب ہمیں سیاحوں کے لیے تفریحی سرگرمیوں اور خریداری کے مواقع بڑھانے کی ضرورت ہے تاکہ وہ یہاں وقت گزار سکیں اور کچھ لے کر جائیں۔ اس بنیاد پر ہمیں نئی خدمات متعارف کروا کر بیرون ملک اس علاقے کو مؤثر انداز میں پروموٹ کرنا ہوگا۔”
سیاحوں کو مزید متوجہ کرنے کے لیے علاقے میں کیبل کار (دو کلومیٹر طویل) اور 2,700 میٹر بلند ریسٹورنٹ تعمیر کیا گیا ہے۔ میرکی آنے والی سڑکوں کی مرمت کی گئی ہے اور بجلی کی فراہمی بہتر بنائی گئی ہے۔
ان اقدامات کے نتیجے میں کاشقدریا ریجن میں سیاحوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ سال 25 لاکھ سے زائد سیاحوں نے علاقہ وزٹ کیا جن میں سے تقریباً پانچ لاکھ نے خاص طور پر شخرسبز کا رخ کیا۔ موجودہ ترقیاتی منصوبوں کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ تعداد آئندہ برسوں میں کئی گنا بڑھنے کی توقع ہے۔