نیشنل ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ سکولز (NAPS)کے مرکزی صدر چودھری عبیداللہ کا خضدارواقعہ پر ردعمل
اسلام آباد(خصوصی رپورٹر) نیشنل ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ سکولز (NAPS)کے مرکزی صدر چودھری عبیداللہ نے خضدار میں سکول جاتے بچوں کی بس پر حملہ کو دشمن کا بزدلانہ فعل قرار دیتے ہوئے شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ بزدل دشمن سامنے سے وار کرنے سے ڈرتاہے،پاک فوج کے خوف نے دشمن کو اس قدر حواس باختہ کردیاہے کہ وہ اب انسانیت سے بھی گر چکاہے،پوری قوم دشمن کے ناپاک ارادوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی ہے اور ایسے اوچھے ہتھکنڈے پاکستانیوں کے حوصلے کم نہیں کرسکتے۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں خضدار کے مقام پر آرمی پبلک سکول کی بس پر دہشت گردوں کے سفاکانہ حملے اور اس کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں ک نقصان پر جاری کردہ اپنے مذمتی بیان میں کیا۔ چودھری عبیداللہ کا کہنا تھاکہ آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی نے ہمارے اذلی دشمن کی نیندیں حرام کردی ہیں، پاک فوج کے لگائے گئے زخموں نے دشمن کو حواس باختہ کردیاہے اور وہ عقل و خرد سے عاری ہو چکاہے۔ معصوم بچوں کو دہشت گردی کی بھینٹ چڑھانے والے نہ انسان ہیں اور نہ ہی مسلمان ہیں یہ دشمن کے ایجنٹ اور فتنہ خوارج کے درندے ہیں۔ ان کا کہنا تھاکہ پاکستانی قوم صبر،تحمل اور برداشت سے کام لے رہی ہے اور ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے کبھی مرعوب نہیں ہوگی۔ ہمارے حوصلے بلند ہیں اور تعلیم دشمنوں کا ایجنڈہ کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکے گا۔ انہوں نے قیمتی جانی نقصان پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت اور شہدا کی بلندی درجات کی دعا کی