پاکستان ناقابل تسخیر، طاقت کا نیا توازن قائم

فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں افواجِ پاکستان نے دشمنوں کو واضح پیغام دے دیا، جنرل (ر) عبدالقیوم کا لندن میں خطاب

0

لندن (الفورڈ): پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی کے صدر اور سینیٹر جنرل (ر) عبدالقیوم نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں پاکستانی افواج نے جو کارنامے سرانجام دیے ہیں، ان سے پوری دنیا پر جنوبی ایشیا میں طاقت کے توازن کی اصل حقیقت آشکار ہو گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ثابت ہو چکا ہے کہ پاکستان اللہ تعالیٰ کے کرم سے ناقابل تسخیر ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لندن الفورڈ میں معروف صحافی اسد ملک کی جانب سے دیے گئے ظہرانے کے بعد پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر عبدالقیوم نے واضح کیا کہ جنوبی ایشیا میں امن کا خواب صرف اسی وقت شرمندہ تعبیر ہو سکتا ہے جب مسئلہ کشمیر حل ہو، اور جب تک بھارت اپنی آبی جارحیت، دہشتگردی اور سازشی ہتھکنڈوں سے باز نہیں آئے گا، خطے میں پائیدار امن ایک خام خیالی ہی رہے گی۔

انہوں نے خبردار کیا کہ بھارت کی موجودہ پالیسیاں نہ صرف خطے کو عدم استحکام سے دوچار کر رہی ہیں بلکہ انہی پالیسیوں کی وجہ سے بھارت خود اندرونی خلفشار کا شکار ہو کر ٹکڑوں میں تقسیم ہو سکتا ہے۔

سینیٹر عبدالقیوم نے بیرون ملک موجود پاکستانیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وطن سے باہر ہم سب کی صرف ایک ہی جماعت ہے اور وہ ہے "پاکستان”۔ انہوں نے بعض بیرونی عناصر پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ دشمن قوتوں کے اشاروں پر چل کر اپنے ہی ملک کے خلاف نعرے لگاتے ہیں، وہ دراصل اس درخت کو کاٹنے کے درپے ہیں جس کی شاخ پر خود ان کا آشیانہ ہے۔

انہوں نے پاکستانی کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ اتحاد، یکجہتی اور قومی مفاد کو ہر ذاتی یا سیاسی وابستگی پر مقدم رکھیں تاکہ پاکستان عالمی سطح پر مضبوط اور باوقار مقام حاصل کر سکے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.