اقلیتی حقوق پر وفاق اور پنجاب کی مشاورت، مشترکہ اقدامات پر اتفاق

سردار رمیش سنگھ اروڑا اور سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کی ملاقات، اقلیتوں کی فلاح، قانونی معاونت اور قومی شمولیت پر بامقصد گفتگو

0

اسلام آباد میں پنجاب کے وزیر برائے اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑا نے وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے اہم ملاقات کی، جس میں اقلیتوں کے آئینی و انسانی حقوق کے تحفظ اور ان کی جامع ترقی کے لیے مشترکہ اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں پنجاب کے سیکرٹری برائے انسانی حقوق و اقلیتی امور فرید احمد تارڑ بھی شریک تھے۔

سردار رمیش سنگھ اروڑا نے کہا کہ اقلیتی برادریوں کی فلاح و بہبود، ان کے مسائل کا حل اور قومی ترقی میں ان کی بھرپور شرکت کے لیے وفاق اور صوبوں کے درمیان مؤثر رابطہ ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم، روزگار، قانونی معاونت اور پالیسی نفاذ کے شعبوں میں جامع حکمت عملی وقت کی اہم ضرورت ہے۔

وفاقی وزیر اعظم نذیر تارڑ نے اس موقع پر کہا کہ اقلیتیں پاکستان کی یکساں شہری ہیں اور ان کے آئینی حقوق کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے اقلیتوں کو مساوی مواقع فراہم کرنے اور ایک پرامن، ہم آہنگ معاشرہ تشکیل دینے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔

ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ اقلیتی برادریوں کی ترقی، ان کی قانونی معاونت، اور اقلیتوں سے متعلق پالیسیوں کے مؤثر نفاذ کے لیے وفاقی اور صوبائی سطح پر مل کر کام کیا جائے گا۔ فریقین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایک جامع، شمولیتی اور مساوی معاشرے کے قیام کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔

Ask ChatGPT
Leave A Reply

Your email address will not be published.