آر ڈی اے نے مڈ سٹی اپارٹمنٹس راولپنڈی میں 17 غیر قانونی کمرشل پراپرٹیز سیل کر دیں
منظور شدہ نقشوں اور این او سی کے بغیر تعمیرات پر سخت ایکشن، ڈی جی آر ڈی اے کا تجاوزات کے خلاف زیرو ٹالرنس کا عندیہ۔
راولپنڈی: ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کنزہ مرتضیٰ کی ہدایت پر انفورسمنٹ سکواڈ آرڈی اے نے غیر قانونی تعمیرات کے خلاف بھرپور کارروائی کرتے ہوئے مڈ سٹی اپارٹمنٹس سروس روڈ موضع گنگال راولپنڈی میں 17 غیر قانونی کمرشل جائیدادوں کو سر بمہر کر دیا ہے۔ اس آپریشن کی قیادت آر ڈی اے انفورسمنٹ سکواڈ نے کی اور اولڈ ایئرپورٹ پولیس اسٹیشن کے تعاون سے آپریشن کیا گیا۔ آپریشن ٹیم میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر بلڈنگ کنٹرول آر ڈی اے، بلڈنگ انسپکٹرز اور دیگر متعلقہ اہلکار شامل تھے۔ سیل کی گئی جائیدادوں میں 10 دفاتر، 2 اپارٹمنٹس، 1 ریسٹورنٹ اور 4 ہوٹلز شامل ہیں، جن میں اوورسیز ریکروٹمنٹ ایجنسی، غوری ٹاؤن دفاتر، ڈبلیو بی سینٹرز، جے ڈی ایوی ایشن اور دیگر قابل ذکر ہیں۔ ترجمان آر ڈی اے کے مطابق ان جائیدادوں کے مالکان نے منظور شدہ نقشوں اور منصوبوں کی خلاف ورزی کی اور این او سی کے بغیر کمرشل عمارتیں تعمیر کیں، جو کہ پنجاب ڈویلپمنٹ آف سٹیز ایکٹ 1976 اور آر ڈی اے بلڈنگ اینڈ زوننگ ریگولیشنز 2020 کی خلاف ورزی ہے۔ ڈی جی آر ڈی اے نے بلڈنگ کنٹرول ونگ کو یہ بھی ہدایت کی ہے کہ وہ غیر قانونی رہائشی اور کمرشل عمارتوں کی منظوری، کمرشلائزیشن، تکمیلی نقشہ جات، عمارتوں کے منصوبوں کی منظوری کے لیے فیس اور چارجز کے حوالے سے سروے کریں اور کنٹرولڈ ایریا میں تمام غیر قانونی رہائشی کمرشل عمارتوں کو ریگولرائز کریں۔ آر ڈی اے عوام الناس پر زور دیتا ہے کہ وہ مزید نقصانات کو روکنے کے لیے کسی بھی قسم کی تجاوزات کو ہٹانے کی اخلاقی ذمہ داری نبھائیں۔۔۔