راولپنڈی بورڈ کے میٹرک امتحان 2025 میں ذہین طلبا و طالبات کی شاندار کارکردگی

سائنس اور جنرل گروپ میں پوزیشن ہولڈرز نے اپنی محنت اور لگن سے نہ صرف تعلیمی اداروں بلکہ پورے خطے کا نام روشن کر دیا، کیڈٹ کالج اور سرکاری ادارے پوزیشنز میں نمایاں رہے۔

0

راولپنڈی بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے میٹرک پہلا سالانہ امتحان 2025 کے پوزیشن ہولڈرز کا اعلان کر دیا۔ اس موقع پر چیئرمین بورڈ محمد عدنان خان اور کنٹرولر امتحانات تنویر اصغر اعوان نے مشترکہ اعلامیہ جاری کیا۔ مجموعی طور پر پہلی پوزیشن محمد عثمان نے 1188 نمبر لے کر حاصل کی، جو لارنس کالج گھوڑا گلی، مری کے طالبعلم ہیں۔ دوسری پوزیشن بسمہ علی نے 1177 نمبرز کے ساتھ حاصل کی، وہ پنجاب سیکنڈری سکول فار گرلز، تلہ گنگ کی طالبہ ہیں۔ جبکہ مریم شہزادی نے 1175 نمبرز حاصل کر کے تیسری پوزیشن اپنے نام کی، وہ بحریہ فاؤنڈیشن سکول، پنڈی روڈ چکوال کی طالبہ ہیں۔

سائنس گروپ بوائز میں محمد عثمان سرفہرست رہے، جبکہ کیڈٹ کالج حسن ابدال کے سعد خان اور آیان خان نے بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشنز حاصل کیں۔ کیڈٹ کالج کی دوہری کامیابی ادارے کی تعلیمی پالیسیوں کا مظہر ہے۔

سائنس گروپ گرلز میں بسمہ علی نے 1177 نمبر حاصل کر کے نمایاں برتری حاصل کی۔ مریم شہزادی (1175) اور عدیلہ عنصر راجہ (1173) نے بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ان تمام طالبات کا تعلق چکوال کے اداروں سے ہے، جو علاقے کی تعلیمی ترقی کی عکاسی کرتا ہے۔

جنرل گروپ گرلز میں عاصمہ ایمان 1125 نمبرز کے ساتھ سرفہرست رہیں۔ ان کا تعلق گورنمنٹ گرلز ہائی سکول، چور ہڑپال، راولپنڈی سے ہے۔ دوسری پوزیشن لائبہ سعید (1089 نمبر) نے حاصل کی، جو شین گرلز سکول، تلہ گنگ سے تعلق رکھتی ہیں۔ تیسری پوزیشن منیزہ بی بی نے 1084 نمبرز کے ساتھ حاصل کی، وہ مدرسہ ریاض العلوم للبنات، فتح جنگ ضلع اٹک سے ہیں۔

جنرل گروپ بوائز میں محمد حنان سعیدی نے 1031 نمبرز حاصل کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ ان کا تعلق الکوثر اسلامک سینٹر، فتح جنگ سے ہے۔ محمد عثمان (983 نمبر) اور محمد احمد (982 نمبر) نے بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔

راولپنڈی بورڈ کے ترجمان ارسلان علی چیمہ کے مطابق، اس سال کے امتحانات میں مجموعی طور پر طلبا و طالبات کی کارکردگی تسلی بخش رہی، اور پوزیشن ہولڈرز نے اپنی ذہانت، محنت اور اساتذہ کی رہنمائی سے تعلیمی میدان میں بہترین نتائج حاصل کیے۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ تمام پوزیشن ہولڈرز کے اعزاز میں 24 جولائی کو فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی میں پروقار تقریب منعقد کی جائے گی، جس میں ان طلبہ و طالبات کو انعامات سے نوازا جائے گا۔

 

Ask ChatGPT
Leave A Reply

Your email address will not be published.