میٹرک رزلٹ 2025: طالبات کی شاندار برتری، کامیابی کا تناسب 62.89 فیصد رہا
وفاقی وزیر حنیف عباسی نے تقریب میں کامیاب طلبہ کو سراہا، مریم نواز کی تعلیمی اصلاحات کو مثالی قرار دیا۔
راولپنڈی:بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن، راولپنڈی نے میٹرک پہلا سالانہ امتحان 2025 ء کے نتائج کا اعلان کردیا، طالبات بازی لے گئیں، کامیابی کا تناسب 62.89 فیصد رہا،وفاقی وزیر ریلوے محمدحنیف عباسی نے کہا ہے کہ سفارتی محاذ پر کامیابی کا کریڈٹ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کو جاتا ہے،تعلیمی میدان میں اصلاحات وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ترجیحات ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن، راولپنڈی کے زیر اہتمام میٹرک پہلا سالانہ امتحان 2025 کی منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،پوزیشن ہولڈرز کے لیے پرائز ڈسٹریبیوشن کی مرکزی تقریب فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی راولپنڈی میں منعقد ہوئی، وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے تقریب میں بحثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں ایم این اے ملک ابرار احمد، اراکین صوبائی اسمبلی پنجاب ملک منصور افسر، عاصمہ عباسی، چیئرمین بورڈ محمد عدنان خان،کنٹرولر امتحانات تنویر اصغر اعوان، وائس چانسلر فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر بشری مرزا، محکمہ تعلیم کے افسران، اساتذہ، طلبہ وطالبات اور والدین نے شرکت کی، امتحان میں 1لاکھ20ہزار 786طلباء وطالبات نے داخلہ جمع کرایا، 142منسوخ ہوئے 862غیر حاضر تھے، 1لاکھ 19ہزار 293طلبار وطالبات شریک ہوئے جن میں سے 58786طلباء، 60507طالبات تھیں، 30297طلباء اور 44703طالبات کا میاب ہوئیں، پہلی پوزیشن محمد عثمان نے 1188 نمبرز لے کر حاصل کی جو لارنس کالج گھوڑا گلی تحصیل و ضلع مری کے طالب علم ہیں، دوسری پوزیشن بسمہ علی نے 1177 نمبرز لے کر حاصل کی، جو پنجاب سیکنڈری سکول فار گرلز تلہ گنگ کی طالبہ ہیں، تیسری پوزیشن مریم شہزادی نے 1175 نمبرز لے کر حاصل کی،یہ بحریہ فاؤنڈیشن سیکنڈری سکول فارگرلز پنڈی روڈ چکوال کی طالبہ ہیں۔ مجموعی طور پر میٹرک پہلا سالانہ امتحان 2025 کا رزلٹ 62.89 فیصد رہا۔کامیاب مرد طلبہ کی کامیابی کی شرح 51.57 جبکہ طالبات کی کامیابی کی شرح 73.89 رہی۔ وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے پوزیشن ہولڈرز طلبہ وطالبات کے درمیان میڈلز اور انعامات تقسیم کیے.
وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا کہ تمام کامیاب اور پوزیشن ہولڈرز طلبہ و طالبات اور انکے والدین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے طلبہ وطالبات کو لیپ ٹاپ، ہونہار سکالرشپ دی۔ تعلیمی میدان میں اصلاحات وزیر اعلیٰ پنجاب کی ترجیحات ہیں، میرٹ اور شفافیت کا کریڈٹ وزیر اعلیٰ پنجاب کو جاتا ہے۔ شفافیت کی بنیاد پر نتائج کا انعقاد یقینی بنایا گیا ہے، شفافیت کے لیے امتحانی سسٹم کو ڈیجیٹلائیز کیا گیا۔ ریلوے کے شعبہ میں بھی ڈیجیٹلائزیشن کی جارہی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہندوستان کی جانب سے پانی بند کرنے کی دھمکی اعلان جنگ تھا۔ ملک کا دفاع ناقابل تسخیر ہے، ہماری فوج نے دشمن کو بدترین شکست دی۔ ایمانی جذبے اور صلاحیتوں کی بدولت کامیابی حاصل ہوئی۔ ڈپلومیٹک فرنٹ پر کامیابیاں مل رہی ہیں۔ بھارت کے ساتھ جنگ میں دوست ممالک ساتھ کھڑے ہوگئے جبکہ بھارت تنہائی کا شکار ہو گیا۔ سفارتی محاذ پر کامیابی کا کریڈٹ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کو جاتا ہے۔ آج دشمن کی جگ ہنسائی ہو رہی ہے، دنیا کہ رہی ہے کہ دشمن کے پانچ جہاز گرائے گئے۔ حنیف عباسی نے کہا کہ آر آئی سی، آر آئی یو، میٹرو، سکولوں،کالجوں کی تعمیر اور ترقیاتی کام مسلم لیگ نواز کی حکومت کے کارنامے ہیں۔ راولپنڈی کے کالجز اور سکولوں میں ترقیاتی کاموں کی سکیمیں منظور ہو چکی ہیں۔ پاکستان اللہ کی طرف سیانعام ہے، ہمیں بحثیت قوم آگے بڑھنا ہو گا۔ معاشرتی سطح پر مثبت سوچ کو پروان چڑھانے کی ضرورت ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی ملک ابرار احمد نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف جدت کے تقاضوں کے مطابق شعبہ تعلیم میں اصلاحات لارہی ہیں۔ تعلیم کے تسلسل کو آسان بنانے کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب نے بچوں کو سکالرشپ اور لیپ ٹاپ دیئے۔ تقریب کے اختتام پر پوزیشن ہولڈرز طلبہ وطالبات کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔