تانگیر میں غیرت کے نام پر خاتون کا قتل افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے: ڈپٹی اسپیکر سعدیہ دانش
ڈپٹی اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی نے واقعے کو انسانی حقوق، قانون اور اخلاقیات کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ سے فوری نوٹس اور انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کر دیا۔
اسلام آباد: ڈپٹی اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی محترمہ سعدیہ دانش نے ضلع تانگیر میں غیرت کے نام پر ایک معصوم خاتون کے بہیمانہ قتل پر شدید افسوس اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اس واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ نہ صرف انسانی حقوق کی سنگین پامالی ہے بلکہ قانون اور معاشرتی اخلاقیات کی بھی کھلی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے حکومتِ گلگت بلتستان اور خاص طور پر وزیراعلیٰ سے مطالبہ کیا کہ وہ اس واقعے کا فوری نوٹس لیں، اور واقعے میں ملوث تمام عناصر کو فوری طور پر گرفتار کر کے قانون کے مطابق سخت سزا دلوائی جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو۔
سعدیہ دانش نے کہا کہ ایک بے گناہ خاتون، جو چار بچوں کی ماں تھی، کو اس بے دردی سے قتل کرنا ایک لمحۂ فکریہ ہے، اور متاثرہ خاندان کے لیے فوری انصاف کی فراہمی حکومت کی آئینی، قانونی اور اخلاقی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ گلگت بلتستان میں خواتین کے جان، مال، عزت اور بنیادی حقوق کے تحفظ کو حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے ظالمانہ اور غیر انسانی واقعات کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، اور قانون کو ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف مثالی کارروائی کی جائے۔