تانگیر (گلگت بلتستان) میں غیرت کے نام پر ایک خاتون اور ایک مرد کے بے رحمانہ قتل نے معاشرتی ضمیر کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ گلگت بلتستان ایڈووکیسی فورم نے اس دل دہلا دینے والے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے خواتین کے خلاف تشدد، پدرشاہی ذہنیت اور طاقت کے غلط استعمال کی لرزہ خیز مثال قرار دیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق مقتولہ ایک شادی شدہ خاتون اور چار بچوں کی ماں تھی، جو اُس وقت گھر میں اکیلی تھی جب دروازے پر موجود ایک شخص سے اُس نے بات چیت کی۔ یہ شخص مقامی "زیتو” یعنی پانی کی کمیٹی کا رکن تھا اور یہ گفتگو کمیٹی کی موجودگی میں ہو رہی تھی۔ اسی دوران، ایک شخص نے، جو خود کو "غیرت مند” ظاہر کرتا ہے، موقع پر پہنچ کر عوام کی موجودگی میں خاتون پر گولی چلا دی، جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی۔ اس کے بعد مذکورہ شخص نے کمیٹی کے رکن کو بھی بے دردی سے موت کے گھاٹ اتار دیا۔
یہ واقعہ نہ صرف قانون اور انسانی اقدار کی کھلی خلاف ورزی ہے بلکہ عورت کے وقار، آزادی اور تحفظ کے خلاف ایک کھلا اعلانِ جنگ بھی ہے۔ اس المناک سانحے نے پورے علاقے میں خوف، غم، اور غصے کی فضا پیدا کر دی ہے۔
گلگت بلتستان ایڈووکیسی فورم نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومتِ گلگت بلتستان اور متعلقہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اس واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے شفاف تحقیقات یقینی بنائیں۔ ملوث افراد کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے مطابق سخت ترین سزا دی جائے تاکہ آئندہ کوئی بھی شخص غیرت کے نام پر اس قسم کا ظلم نہ کر سکے۔
فورم کا کہنا ہے کہ غیرت کے نام پر قتل جیسے جرائم کی روک تھام کے لیے مؤثر قانون سازی اور موجودہ قوانین پر سختی سے عملدرآمد ناگزیر ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ مقتولہ کے بچوں کو فوری ریاستی تحفظ، نفسیاتی معاونت اور مالی امداد فراہم کی جائے تاکہ وہ اس صدمے سے سنبھل سکیں۔
فورم نے زور دے کر کہا کہ خواتین کو غیرت، عزت یا قبائلی رسم و رواج کے نام پر قتل کرنا نہ صرف غیر قانونی بلکہ غیر انسانی، غیر اخلاقی اور ناقابلِ معافی جرم ہے۔ یہ دو جانوں کا نہیں بلکہ اُس سوچ کا قتل ہے جو عورت کو برابری، خودمختاری اور احترام کا درجہ دیتی ہے۔
گلگت بلتستان ایڈووکیسی فورم نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ خواتین کے خلاف تشدد کے تمام جرائم کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کرے اور خواتین کے جان و مال اور وقار کے تحفظ کو اولین قومی ترجیح بنایا جائے۔
Recover your password.
A password will be e-mailed to you.