پنجاب کے تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات میں اضافہ تعلیم دشمنی کی بدترین مثال ہے، ڈاکٹر ملک ابرار حسین

آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر کا پنجاب میں چھٹیاں بڑھانے کے فیصلے پر ردعمل

0

اسلام آباد: آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر ڈاکٹر ملک ابرارحسین نے پنجاب حکومت کی جانب سے موسم گرما کی تعطیلات میں یکم ستمبر تک اضافہ کو غیرمنطقی،تعلیم دشمن اور بلاجواز فیصلہ قراردیتے ہوئے یکسر مسترد کردیاہے اور مطالبہ کیاہے کہ بچوں کو سکول سے دور رکھنے کی اس درپردہ سازش کو بے نقاب کیا جائے،چودہ اگست سے پہلے سکول لازمی کھولے جائیں بصورت دیگر ملک میں پہلے سے تباہ حال تعلیمی نظام مزید پسماندگی کا شکار ہوجائے گا۔ گزشتہ روز یہاں سے جاری اپنے بیان میں ڈاکٹر ملک ابرارحسین کا کہنا تھاکہ پنجاب حکومت کی جانب سے گرمیوں کی چھٹیوں میں اضافے کا فیصلہ انتہائی مایوس کن،غلط اور تعلیم دشمن فیصلہ ہے حکومت پنجاب اس فیصلے پر فوری نظرثانی کرے اور گرمیوں کی تعطیلات میں توسیع کا فیصلہ فوری طور پر واپس لیا جائے، کیونکہ اس سے طلبہ کا تعلیمی نقصان ہو رہا ہے، خاص طور پر میٹرک کی کلاسز بری طرح متاثر ہوں گی۔اسلام آباد میں نجی تعلیمی ادارے 4 اگست سے معمول کے مطابق کھل چکے ہیں جبکہ پاکستان کے دیگر صوبوں میں بھی اسکولز معمول کے مطابق تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز کر چکے ہیں۔حکومت کو چاہیے تھا کہ 14 اگست سے قبل ہی اسکول کھول کر بچوں کو جشنِ آزادی کی تقریبات میں شرکت کا موقع دیتی، مگر چھٹیوں میں غیر ضروری توسیع نے تعلیمی عمل کو متاثر کیا ہے۔ حکومت فوری طور پر فیصلے پر نظر ثانی کرے اور تعلیمی اداروں کو کھولنے کی اجازت دے تاکہ نصاب کی بروقت تکمیل اور امتحانی تیاری ممکن ہو سکے۔ان کا کہنا تھاکہ حکومت کی ناقص حکمت عملی اور بلاجواز غیرمنطقی فیصلوں کی وجہ سے پاکستان کا تعلیمی نظام پہلے ہی شدید مسائل سے دوچار ہے ایسے میں اسے مزید تباہی سے بچانے کے لیے سکولوں میں آئے روز چھٹیاں کرنے کا سلسلہ فوری طورپر بند کیا جائے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.