"جماعت اسلامی کی عوامی کمیٹیاں شہری مسائل کا حل ہیں” ڈاکٹر طارق سلیم
سرائے عالمگیر میں ممبرز کنونشن سے خطاب، حکومت پر تنقید اور عوامی سطح پر تنظیم سازی پر زور
اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کی عوامی کمیٹیاں شہریوں کے مسائل کے حل کا مؤثر ذریعہ ہیں اور عوام کو ان میں شامل ہو کر اپنی تکالیف کا مداوا کرنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرائے عالمگیر میں جماعت اسلامی کے ممبرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا کہ حکومت نے پٹرول، ڈیزل، گیس اور بجلی پر بھاری ٹیکسز لگا کر عوام پر مہنگائی کا بوجھ ڈال دیا ہے، جبکہ شوگر مافیا کو کھلی چھوٹ دے دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ملک بھر میں عوام کی بڑی تعداد کو ممبرشپ میں شامل کیا ہے اور اب یونین کونسل اور وارڈ سطح پر عوامی کمیٹیاں تشکیل دی جا رہی ہیں تاکہ نچلی سطح پر عوامی مسائل کا حل ممکن ہو سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی اس ملک کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی محافظ ہے اور ہر بحران میں قوم کے ساتھ کھڑی ہوئی ہے۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن معاشرے کے مظلوم طبقات—غریب، مزدور، کسان اور ہاری—کا مقدمہ لڑ رہے ہیں۔
ڈاکٹر طارق سلیم نے اشرافیہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہوتی ہیں تو عوام کو کوئی ریلیف نہیں دیا جاتا بلکہ حکمران اپنی تجوریاں بھرتے ہیں۔ جنہیں مفت پٹرول، بجلی اور دیگر سہولیات حاصل ہوں وہ غریب کے مسائل کو کیسے سمجھ سکتے ہیں؟
کنونشن میں امیر جماعت اسلامی ضلع گجرات چوہدری انصر محمود دھول ایڈووکیٹ، رانا محمد عمر صدیق، چوہدری خرم شہزاد گورالہ، ڈاکٹر یونس چوہدری اور ڈاکٹر سید حیدر احسان شاہ نے بھی خطاب کیا۔