"پاکستان کو پولیو سے پاک کرنے کا وقت آ گیا ہے”  نیشنل پولیو مینجمنٹ ٹیم کا عزم

وزیراعظم کی فوکل پرسن عائشہ رضا فاروق کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں قومی اتحاد، نئی حکمت عملی اور موثر احتساب کے ساتھ پولیو کے خاتمے کی فائنل لائن عبور کرنے کا عزم۔

0

اسلام آباد: نیشنل پولیو منیجمنٹ ٹیم کا اہم اجلاس وزیر اعظم کی فوکل پرسن برائے پولیو عائشہ رضا فاروق کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں چاروں صوبوں کے کوآرڈینیٹرز، نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے نمائندگان اور بین الاقوامی انسداد پولیو پارٹنرز نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران عائشہ رضا فاروق نے چیلنجز کے باوجود میدان میں سرگرم پولیو ورکرز کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ اگرچہ ملک میں پولیو وائرس کے پھیلاؤ میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، تاہم ہم بہتری کی سمت میں پیش رفت جاری رکھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے اعلان کیا کہ رواں سال پولیو کے خاتمے کے لیے روایتی طریقوں سے ہٹ کر جدید اور مؤثر حل اختیار کیے جائیں گے، کیونکہ مہم سے قبل کا دورانیہ نتائج کے لیے نہایت کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیو اور حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام کا اشتراک، کامیابی کی بنیاد ہے۔

خیبر پختونخوا کی ٹیم کو خاص طور پر جنوبی اضلاع میں سیکیورٹی چیلنجز کے حوالے سے مؤثر اقدامات کی ہدایت کی گئی، ساتھ ہی بہتر کارکردگی والے اضلاع میں بھی مستقل توجہ برقرار رکھنے پر زور دیا گیا۔

عائشہ رضا فاروق نے کہا:

"ہمیں ایک متحد ٹیم بن کر کام کرنا ہوگا، تبھی ہم کامیابی کی منزل حاصل کر سکتے ہیں۔ اس بار ہمیں پاکستان کو پولیو سے نجات دلانے کی فائنل لائن تک لے جانا ہے۔”

انہوں نے ہر سطح پر مؤثر احتساب کی اہمیت کو اجاگر کیا اور پولیو مہم سے وابستہ تمام ورک فورس، قانون نافذ کرنے والے اداروں، اور شراکت داروں کے کردار کو سراہا۔

یہ اجلاس پاکستان میں پولیو کے خاتمے کی نئی لہر کا نکتۂ آغاز ثابت ہو سکتا ہے، بشرطیکہ حکمت عملی اور عملدرآمد میں مربوطی اور جذبہِ خدمت برقرار رکھا جائے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.