وفاقی دارالحکومت میں شدید بارش، چیف ٹریفک آفیسر خود فیلڈ میں موجود
ٹریفک پولیس نے ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے ہنگامی اقدامات
اسلام آباد:رپورٹ سید محمد یاسین ہاشمی
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں شدید بارش کے باعث شہری زندگی متاثر ہوئی، تاہم ٹریفک پولیس نے ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے۔ چیف ٹریفک آفیسر کیپٹن (ر) حمزہ ہمایوں خود فیلڈ میں موجود رہے اور صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے افسران کو خصوصی ہدایات جاری کیں۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق تمام افسران شاہراہوں پر تعینات ہیں اور خدمت خلق کے جذبے سے سرشار اہلکار شدید بارش میں شہریوں کی مدد کررہے ہیں۔ شاہراہوں پر گرنے والے درخت اور خراب گاڑیوں کو فوری طور پر سڑکوں سے ہٹایا جا رہا ہے تاکہ ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔
چیف ٹریفک آفیسر نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ بارش کے دوران گاڑی کی رفتار آہستہ رکھیں، اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ برقرار رکھیں اور اپنی گاڑی کے وائپرز اور بریک کو درست حالت میں رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ شدید بارش میں غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے تاکہ حادثات سے بچا جا سکے۔
کیپٹن (ر) حمزہ ہمایوں نے کہا کہ ہر حال میں ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنا ہماری اولین ترجیح ہے، جبکہ شہریوں کو بارش کی تازہ صورتحال سے باخبر رکھنے کے لیے آئی ٹی پی ریڈیو ایف ایم 92.4 پر اعلانات کیے جا رہے ہیں۔