ترک ایجنسی TİKA کا نیشنل سکلز یونیورسٹی اسلام آباد کے ساتھ گرین سکلز ڈیولپمنٹ میں تعاون کا وعدہ

کنٹری ڈائریکٹر صالحہ ٹونا کا NSU کا دورہ، فنی تعلیم کے فروغ، گرین سکلز لیب اور شجرکاری مہم میں شمولیت

0

اسلام آباد: ترک کوآپریشن اینڈ کوآرڈینیشن ایجنسی (TİKA) کی کنٹری ڈائریکٹر محترمہ صالحہ ٹونا نے نیشنل سکلز یونیورسٹی (NSU) اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے گرین سکلز ڈیولپمنٹ کے لیے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

یہ دورہ ڈاکٹر عرفان احمد گوندل، چیئرپرسن مکینیکل انجینئرنگ ٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹ، کی دعوت پر ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ فنی تعلیم اور گرین انرجی کے شعبے میں تعاون پاکستان کے نوجوانوں کے لیے نئے مواقع پیدا کرے گا۔

محترمہ ٹونا نے کہا کہ پاکستان کے دور دراز علاقوں میں ہنر مندی کی تعلیم کو عام کرنا وقت کی ضرورت ہے تاکہ عام شہری بھی معاشی فوائد سے مستفید ہو سکیں۔ وائس چانسلر NSU ڈاکٹر محمد مختار نے گرین سکلز لیبارٹری کے قیام میں TİKA کی دلچسپی کو سراہا اور کہا کہ اس اقدام سے ملک میں ماحولیاتی پائیداری کو فروغ ملے گا۔

دورے کے دوران محترمہ ٹونا نے NSU کی مانسون شجرکاری مہم میں بھی حصہ لیا اور انجیر کا درخت لگا کر ماحولیاتی بہتری اور موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف مشترکہ عزم کا اظہار کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.