آپریشن بنیان مرصوص میں تاریخی کامیابی: فیلڈ مارشل عاصم منیر کو بیٹن آف فیلڈ مارشل کا اعزاز،

0

اسلام آباد : وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ آپریشن بنیان مرصوص کے دوران پاکستان نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بے خوف اور دلیرانہ قیادت میں تاریخی کامیابی حاصل کی۔ جارح دشمن کو نہ صرف پسپا کیا گیا بلکہ اس کو ایسا سبق سکھایا گیا جو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

یہ بات انہوں نے جمعرات کو ایک پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، جس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو بیٹن آف فیلڈ مارشل کا اعلیٰ فوجی اعزاز دیا گیا۔ صدر مملکت ڈاکٹر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خود یہ اعزاز پیش کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ دن قوم کے لیے باعث فخر ہے۔ "ہم اپنے قومی ہیروز کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے دشمن کے تکبر کو خاک میں ملا دیا۔ چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر، جنرل ساحر شمشاد مرزا، ایئر چیف ظہیر احمد بابر سدھو اور ایڈمرل نوید اشرف کی جراتمندانہ قیادت نے مسلح افواج کو نئی بلندیوں تک پہنچایا۔”

انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج نے نہ صرف ملکی سرحدوں کا دفاع کیا بلکہ دشمن کی سرزمین پر جا کر کامیاب کارروائی کی۔ یہ کامیابی فیلڈ مارشل عاصم منیر کی دور اندیش اور مضبوط قیادت کی مرہون منت ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اس بحران کے دوران عسکری اور سیاسی قیادت نے مل کر دن رات کام کیا، جس سے دشمن کو فیصلہ کن شکست دی گئی۔ "یہ قیادت ہمارے لیے ایک مثال ہے، اور اسی اتحاد سے ہم دہشتگردی، معاشی چیلنجز اور دیگر خطرات سے نمٹ سکتے ہیں۔”

وزیراعظم نے خضدار میں دہشتگرد حملے میں شہید فوجی کو بھی خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ان کی قربانی پاکستان کی روشن روایات کا تسلسل ہے۔

تقریب میں اہم شخصیات کی شرکت: تقریب میں قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف، وزیر خارجہ و نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی، وفاقی وزراء، سروسز چیفس، غیر ملکی سفارتکار، صوبائی وزرائے اعلیٰ، گورنرز اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.