آرڈی اے کی بوستان ایونیو ہاؤسنگ سکیم کے خلاف کارروائی، ایف آئی آر درج
قانونی تقاضوں کی سنگین خلاف ورزی پر سخت ایکشن، شہری مفادات کے تحفظ کے لیے آرڈی اے متحرک
14راولپنڈی: ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کنزہ مرتضیٰ کی ہدایت پر لینڈ ڈائریکٹوریٹ آر ڈی اے نے پنجاب ڈویلپمنٹ آف سٹیز ایکٹ 1976 کے تحت بوستان ایونیو نامی پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیم کے مالکان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے تھانہ ایئرپورٹ میں ایف آئی آر درج کرا دی ہے۔ جبکہ مذکورہ ہاؤسنگ سکیم کے مالکان نے اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ ٹرانسفر ڈیڈ، رہن ڈیڈ، اور رجسٹریشن سے متعلق قانونی تقاضوں کی مسلسل خلاف ورزی کی۔ آر ڈی اے کی جانب سے مالکان کو بارہا قانونی دستاویزات جمع کرانے کی ہدایت دی گئی، مگر ان کی جانب سے عدم تعاون اور ذمہ داریوں کی عدم ادائیگی پر اتھارٹی کو سخت اقدام اٹھانا پڑا۔ بوستان ایونیو کی انتظامیہ نے منظور شدہ لے آؤٹ پلان کی بھی خلاف ورزی کی، جو کہ شہریوں کے حقوق کو متاثر کرنے کا باعث بن سکتی ہے۔ ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے اس بات پر زور دیا ہے کہ راولپنڈی میں تمام ہاؤسنگ سکیمز کو قانونی تقاضوں کے مطابق رجسٹرڈ ہونا ہوگا اور مکمل دستاویزی کارروائی کے ساتھ ہی انہیں کام کرنے کی اجازت دی جائے گی۔ آر ڈی اے شہریوں کے مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رکھے گی۔۔۔۔۔