ماہواری کی صحت کو بنیادی انسانی حق تسلیم کرنے پر زور

0

پاکستان میں ماہواری کی صحت، وقار اور انصاف کے حوالے سے پہلی اہم قومی مشاورت اسلام آباد کے سرینا ہوٹل میں منعقد ہوئی، جس میں حکومتی نمائندوں، پالیسی سازوں، اقوام متحدہ کے اداروں، سول سوسائٹی، میڈیا اور نوجوانوں نے شرکت کی۔

اس قومی مشاورت کا انعقاد ادارہ تعلیم و آگاہی (ITA)، وزیراعظم یوتھ پروگرام (PMYP)، قومی کمیشن برائے وقارِ نسواں (NCSW)، انسٹی ٹیوٹ فار سوشل اینڈ یوتھ ڈیولپمنٹ (ISYD)، ایمبریس اور مینسٹرول ہیلتھ اویئرنیس اینڈ ایکشن نیٹ ورک (MHAAN) نے مشترکہ طور پر کیا، جبکہ فوس فیمینسٹا اور فرانسیسی ترقیاتی ادارے (AFD) نے تعاون فراہم کیا۔

مشاورت کا بنیادی مقصد ماہواری کی صحت کو محض صفائی کا معاملہ سمجھنے کے بجائے انسانی حقوق، تعلیم، صنفی مساوات، صحت، سماجی تحفظ اور خواتین کے وقار سے منسلک قومی ترجیح قرار دینا تھا۔

اس موقع پر ایک خصوصی پینل مباحثے کا انعقاد بھی کیا گیا، جس کا عنوان تھا: ’’ایک نظرانداز شدہ ترجیح: ماہواری کی صحت، وقار اور انصاف کے لیے مشترکہ قومی اقدامات‘‘۔ مباحثے میں متعلقہ وزارتوں، این ڈی ایم اے، یو این ویمن، یونیسیف، نجی شعبے اور نوجوان قیادت کے نمائندوں نے شرکت کی۔

شرکاء نے چھ مختلف موضوعات پر گروپ مباحثوں میں حصہ لیا، جن میں قانون سازی اور پالیسی، تعلیم اور معاشرتی غلط فہمیوں کا خاتمہ، انسانی ہمدردی اور موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق ردعمل، کام کی جگہ پر خواتین کا وقار، میڈیا کا کردار اور نوجوانوں کی قیادت شامل تھے۔

ہر گروپ نے قومی سطح پر عملی اقدامات کے لیے اپنی سفارشات پیش کیں، جنہیں حکومتی وزارتوں، پارلیمنٹیرینز اور ترقیاتی شراکت داروں تک پہنچایا جائے گا۔

وزیراعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم نے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے ماہواری کی صحت کو قومی پالیسی کا حصہ بنانے کے لیے حکومتی تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

اختتامی خطاب میں رکن قومی اسمبلی و فوکل پرسن وزیراعظم یوتھ پروگرام سیدہ امنہ بتول اور چیئرپرسن قومی کمیشن برائے وقارِ نسواں نورین بانو لہڑی نے اس حوالے سے مسلسل قانون سازی، بجٹ مختص کرنے اور عملی پروگرام شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

ادارہ تعلیم و آگاہی کے پروگرام منیجر جوشوا دلاور نے کہا کہ ماہواری کی صحت صرف صفائی کا مسئلہ نہیں بلکہ بنیادی حقوق کا معاملہ ہے۔ اس مسئلے کو نظرانداز کرنا ایک پوری نسل کی صلاحیتوں کو متاثر کرنے کے مترادف ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.