گلزارِ قائد کے پل پر نوجوان لڑکی کو گولیاں مار کر قتل کردیا گیا
راولپنڈی میں لرزہ خیز واردات کے بعد شہریوں میں خوف کی لہر دوڑ گئی
راولپنڈی : شہر کے مصروف علاقے گلزارِ قائد میں واقع مدینہ کیش اینڈ کیری کے سامنے لوہے کے پل پر اتوار کی شام ایک نوجوان لڑکی کو نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے گولیاں مار کر قتل کر دیا۔ واردات کے بعد حملہ آور موقع سے فرار ہو گئے۔ پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہولی فیملی اسپتال منتقل کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ ابتدائی طور پر واقعہ کو غیرت کے نام پر قتل یا ذاتی دشمنی کا شاخسانہ قرار دیا جا رہا ہے، تاہم حتمی نتیجہ تحقیقات کے بعد سامنے آئے گا۔ واقعہ نے شہریوں میں خوف و ہراس کی فضا پیدا کر دی ہے۔