حمزہ شفقات ایڈیشنل چیف سیکریٹری ہوم ڈیپارٹمنٹ بلوچستان تعینات

کوئٹہ میں مثالی کارکردگی پر نئی ذمہ داری سونپ دی گئی

0

وحید عباسی :

کمشنر کوئٹہ محمد حمزہ شفقات کو بلوچستان حکومت نے ایڈیشنل چیف سیکریٹری ہوم ڈیپارٹمنٹ بلوچستان تعینات کر دیا ہے۔ اس اہم تقرری کے ساتھ ہی اُن کا دو سالہ فعال، مؤثر اور مثالی دورِ کمشنری اختتام پذیر ہوا، جسے نہ صرف عوام بلکہ اعلیٰ حکام کی جانب سے بھی بھرپور سراہا گیا ہے۔

محمد حمزہ شفقات نے کوئٹہ کی انتظامی قیادت سنبھالنے کے بعد شہر کو جدید، صاف اور پائیدار طرزِ حکمرانی کی نئی راہ پر گامزن کیا۔ اُنہوں نے وسائل کی کمی کے باوجود مختلف شعبہ جات میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔ اُن کے دور میں کوئٹہ ڈویژن نے 20 ارب روپے کی آمدن  ممکن بنائی۔ بلوچستان کا پہلا ٹیکنالوجی پارک ایک بند عمارت کو نجی پارٹنرشپ کے تحت فعال کر کے نہ صرف 1.6 ارب روپے کی بچت کی گئی بلکہ 500 نئی ملازمتیں اور 20 سے زائد اسٹارٹ اپس بھی متحرک کیے گئے۔

چمن بارڈر مارکیٹ، جو کئی سالوں سے تعطل کا شکارتھا، صرف چھ ماہ میں مکمل کیا گیا، جس سے 3 ارب روپے کی بچت اور پانچ ہزار سے زائد روزگار کے مواقع پیدا ہوئے۔ صفائی کے نظام میں اصلاحات کے لیے ’صفا کوئٹہ‘ کے نام سے ایک جدید ماڈل متعارف کرایا گیا جس کے نتیجے میں بغیر کسی سرکاری فنڈ کے صفائی کے نظام میں 300 فیصد بہتری لائی گئی۔ اس منصوبے پر وزیراعلیٰ بلوچستان نے ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے ساٹھ سے زائد وزٹ اور میٹنگز کیں، جبکہ دو ارب روپے کی سرمایہ کاری نجی شعبے سے حاصل کی گئی۔

حمزہ شفقات نے شہر کے عوامی اثاثوں کو واگزار کروانے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ کیفے بلدیہ کی ایک ارب روپے مالیت کی زمین بازیاب کرا کے اسے ماہانہ دس لاکھ روپے آمدن پر لیز کیا گیا، جبکہ اربوں روپے مالیت کے پٹرول پمپ اور سرکاری زمینیں بھی مافیا سے واگزار کروائی گئیں۔

قانون شکن عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے انہوں نے 100 غیر قانونی کرش پلانٹس بند کرائے، 300 غیر قانونی پٹرول پمپس سیل کیے اور منشیات و اسمگلنگ کے خلاف آپریشنز سے صوبائی حکومت کو تقریباً دو ارب روپے کا فائدہ پہنچایا۔

تعلیم اور صحت کے شعبوں میں بھی ان کا کردار ناقابلِ فراموش رہا۔ 300 بند اسکول دوبارہ فعال کیے گئے، اسپتالوں کو مکمل فعال کیا گیا اور مزدوروں کے بچوں کے لیے فل اسکالرشپ کے تحت 500 بچوں کو اسلام آباد کے نجی اسکولوں میں تعلیم کے مواقع دیے گئے۔ علاوہ ازیں 30 ہزار سے زائد وظائف جاری کیے گئے، دو جدید آئی ٹی لیبز قائم کی گئیں اور کھیلوں کے فروغ کے لیے کرکٹ، فٹبال اور باکسنگ ٹورنامنٹس بھی منعقد کیے گئے۔

انفراسٹرکچر کے شعبے میں بھی انہوں نے نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔ سبزل روڈ، سریاب روڈ، انسکومب روڈ، شاہوانی و بادینی لنک روڈز اور سینٹرل بائی پاس سمیت چھ بڑے منصوبے مکمل کیے گئے، جب کہ انٹیگریٹڈ پارکنگ سسٹم کے تحت پارکنگ پلازہ اور انڈر گراؤنڈ پارکنگ کی تعمیر بھی جاری ہے۔

اپنے الوداعی پیغام میں حمزہ شفقات نے کہا کہ یہ تمام کامیابیاں کسی فردِ واحد کا کارنامہ نہیں بلکہ ایک پرعزم ٹیم، فعال اداروں اور مخلص قیادت کی مشترکہ محنت کا نتیجہ ہیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی، چیف سیکریٹری شکیل قادر خان، قانون نافذ کرنے والے اداروں، اپنے ساتھی افسران اور شہریوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا جنہوں نے ہر قدم پر ساتھ دیا۔

انہوں نے کہا کہ "کوئٹہ نے جو عزت، محبت اور اعتماد دیا، وہ ہمیشہ میرے دل میں محفوظ رہے گا۔”

Leave A Reply

Your email address will not be published.