کربلا محض تاریخ نہیں بلکہ ایک نظریہ ہے جو ہمیں ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے .ثمینہ احسان
کربلا کی زمین پر بہنے والا خون ہمیں قیامت تک کے لیے یہ پیغام دے گیا کہ جب بھی حق و باطل آمنے سامنے ہوں، حسینی کردار اختیار کرنا ہی اصل کامیابی ہے
راولپنڈی: 10 محرم الحرام، ہمیں ہر سال وہ دلخراش واقعہ یاد دلاتا ہے جب نواسۂ رسول ﷺ، امام حسین علیہ السلام نے ظلم و جبر، باطل اور فسطائیت کے خلاف سر کٹوا دیا، مگر حق پر سمجھوتہ نہ کیا۔ ان خیالات کا اظہار حلقہ خواتین جماعت اسلامی صوبہ پنجاب شمالی کی ناظمہ ثمینہ احسان نے یوم شہادت "امام حسین”کے موقع پہ اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کربلا کی زمین پر بہنے والا خون ہمیں قیامت تک کے لیے یہ پیغام دے گیا کہ جب بھی حق و باطل آمنے سامنے ہوں، حسینی کردار اختیار کرنا ہی اصل کامیابی ہے۔
آج بھی دنیا کے مختلف حصوں میں کربلا کی تاریخ دہرا رہی ہے۔ خصوصاً غزہ کی سرزمین اس وقت ظلم و استبداد، قتلِ عام اور نسل کشی کا شکار ہے۔ نہتے فلسطینی، مائیں، بچے، بزرگ… سب مظلوم ہیں۔ صہیونی دہشت گرد ریاست اسرائیل کی بربریت نے ظلم و درندگی کی ساری حدیں پار کر لی ہیں، مگر افسوسناک حد تک امتِ مسلمہ کی قیادت خاموش، بے حس اور مصلحت پسند ہے۔
کربلا محض تاریخ نہیں، بلکہ ایک نظریہ ہے۔ اور یہ نظریہ ہمیں ظلم کے خلاف ڈٹ جانے، حق پر قائم رہنے اور قربانی کے جذبے سے سرشار رہنے کا سبق دیتا ہے۔ ہم آج کے دن مظلوم فلسطینیوں، خصوصاً غزہ کے شہداء کے لیے دعا گو بھی ہیں اور ان کے ساتھ کھڑے ہونے کے عزم کی تجدید بھی کرتے ہیں۔انہوں نے کہا ۔ خواتین کو بھی امام حسینؓ کے خانوادے خصوصاً حضرت زینبؓ کے کردار سے رہنمائی لینا چاہیے جنہوں نے کربلا کے بعد یزید کے دربار میں جرأت و حکمت سے حق کی گواہی دی۔ آج کی مسلمان عورت کو بھی باطل کے خلاف زبانِ صداقت بلند کرنا ہوگی۔
آخر میں انہوں نے امت مسلمہ سے اپیل کی کہ محرم الحرام کے مقدس مہینے میں ہم باہمی اختلافات کو ختم کرکے اتحاد و یگانگت کی فضا قائم کریں، اور امام حسینؓ کے مشن کو سمجھ کر اس پر عمل کریں۔ یہی آج کے دور کا سب سے بڑا تقاضا ہے۔#