یوم آزادی ”معرکہ حق ” کے طور پر منانے کا خیر مقدم کرتے ہیں: چودھری عبیداللہ
عدیم المثال موقع پر پاکستان دوست شخصیات کوقومی ایوارڈ بھی نوازا جائے
اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی) مرکزی صدر نیشنل ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ سکولز چودھری محمد عبیداللہ نے وفاقی حکومت کی طرف سے یوم آزادی کو ”معرکہ حق” کے عنوان سے منانے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے، پوری قوم اپنی آزادی کا جشن ”بنیان المرصوص ”کی فتح کے ساتھ منا کر پیغام دے گی کہ 24 کروڑ محبان وطن اپنی خود مختاری اور سلامتی کی حفاظت کرنا جانتے ہیں۔ خصوصی نشست میں چودھری عبیداللہ نے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں یوم آزادی کی تقریبات میں پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر کو ساتھ رکھیں، سماجی ادارے اور سماج دوست شخصیات کو بھی ٹاسک دیں تاکہ جشن منانے کے انداز کو جداگانہ رنگ مل سکے۔ صدر نیشنل ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ سکولزنے وزیراعظم میاں شہبازشریف اور چیئرمین تقریبات کمیٹی وفاقی وزیر چوہدری احسن اقبال سے اپیل کی کہ وہ یوم آزادی کے موقع پر ایسی وطن دوست شخصیات کو پاکستان ایوارڈ کے لیے نامزد کریں جن کی زندگی پاکستان سے شروع اور پاکستانیت پر ختم ہوتی ہے، چودھری عبیداللہ نے مزید کہا کہ قومی تقریبات میں طلباء اور نونہالوں کا جوش وجذبہ مثالی ہونا چاہیے۔