نوشہرہ میں گھریلو تنازع پر اندوہناک فائرنگ، خاتون سمیت چار افراد جاں بحق
پبی کے علاقے خوشمقام میں رشتہ داروں کا جھگڑا خونریز تصادم میں بدل گیا، پولیس کا سرچ آپریشن جاری
خیبر پختونخوا کے ضلع نوشہرہ کی تحصیل پبی کے علاقے خوشمقام میں گھریلو تنازع ایک المناک واقعے میں تبدیل ہو گیا، جب فائرنگ کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت چار افراد جان کی بازی ہار گئے۔ پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے افراد آپس میں قریبی رشتہ دار تھے اور واقعہ مبینہ طور پر خواتین سے متعلق خاندانی جھگڑے کا نتیجہ ہے۔
خونریز واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہو گئی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور لاشوں کو اسپتال منتقل کیا۔ پولیس نے بتایا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے جبکہ علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ معاملے کی مکمل تفتیش جاری ہے اور جلد ملزمان کو قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔