اسلام آباد: (سید محمد یاسین ہاشمی) اسلام آباد ٹریفک پولیس نے رواں سال کے دوران ٹریفک اشاروں کی خلاف ورزی پر 40 ہزار سے زائد ڈرائیورز کے خلاف بلاتفریق قانونی کارروائیاں کیں۔ ان کارروائیوں کا مقصد ٹریفک نظام کو بہتر بنانا اور وفاقی دارالحکومت کو حادثات سے محفوظ رکھنا ہے۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد، سید علی ناصر رضوی کی خصوصی ہدایات پر ٹریفک پولیس نے کارروائیوں میں مزید سختی کرتے ہوئے شہر کی اہم شاہراہوں اور چوراہوں پر خصوصی دستے تعینات کیے ہیں۔ یہ دستے ٹریفک قوانین، بالخصوص سگنل توڑنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لے رہے ہیں۔
چیف ٹریفک آفیسر، کیپٹن (ر) سید ذیشان حیدر نے تمام زونل افسران کو ہدایت کی ہے کہ اشاروں کی خلاف ورزی کرنے والوں سے کوئی رعایت نہ برتی جائے، کیونکہ یہ اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالتے ہیں۔
انہوں نے ٹریفک پولیس کے آگاہی ونگ کو بھی فعال کردار ادا کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ شہریوں کو قوانین کی اہمیت اور خلاف ورزی کے نقصانات سے آگاہ کیا جا سکے۔ شہریوں کو بتایا جا رہا ہے کہ قوانین پر عملدرآمد نہ صرف ان کی حفاظت کو یقینی بناتا ہے بلکہ ایک مہذب ٹریفک نظام کی بنیاد بھی رکھتا ہے۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس کی ایف ایم ریڈیو 92.4 پر بھی خصوصی نشریات کے ذریعے ٹریفک شعور اجاگر کیا جا رہا ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ٹریفک اشاروں اور دیگر قوانین کی مکمل پاسداری کریں کیونکہ یہی ضابطے ان کی زندگی و مال کے تحفظ کی ضمانت ہیں۔