لزبن میں جشنِ آزادی و معرکہ حق کی پروقار تقریب، سفیروں اور کمیونٹی کی بھرپور شرکت

پاکستان ایمبیسی لزبن میں یومِ آزادی جوش و جذبے سے منایا گیا، پرچم کشائی، ملی نغموں اور ڈاکومنٹری نے سما باندھ دیا۔

0

اسلام آباد (سید محمد یاسین ہاشمی) ─ پاکستان سفارتخانہ لزبن میں جشنِ آزادی و معرکہ حق کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف ممالک کے سفراء، آفیشلز، چیئرمین سی ایم پنجاب انسپیکشن ٹیم و ایم پی اے راجہ محمد حنیف ایڈووکیٹ نے خصوصی شرکت کی۔

تقریب کا آغاز سفیرِ پاکستان اعجاز خالد کی جانب سے پرچم کشائی سے ہوا، اس موقع پر پرتگالی جی این آر کے دستے نے پاکستان اور پرتگال کے قومی ترانے بجا کر شرکاء سے خوب داد سمیٹی۔

یومِ آزادی کی تقریب میں چین، ایران، بنگلادیش سمیت کئی ممالک کے سفراء، پاکستانی کمیونٹی اور مہمانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم پاکستان کے خصوصی پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔

شرکاء کو "معرکہ بنیان المرصوص” کے حوالے سے افواجِ پاکستان کی کامیابیوں پر مبنی ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی، جبکہ بچوں اور پاکستانی سنگرز نے ملی نغمے گا کر وطن سے محبت کا اظہار کیا۔

محفل کا جوش و خروش اس وقت عروج پر پہنچا جب شرکاء نے افواجِ پاکستان کے حق میں نعرے بلند کیے۔ اس موقع پر پاکستان کے سفیر اعجاز خالد نے پاکستان کی آزادی کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا۔

تقریب کے اختتام پر مہمانوں کے لیے ریفریشمنٹ اور پاکستانی آموں کی ضیافت کا خصوصی اہتمام کیا گیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.