اسلام آباد میں ٹریفک کے بہاؤ کے لیے اہم اقدامات – سی ٹی او کی میٹنگ میں سخت احکامات
کرپشن فری ٹریفک پولیس، رش کنٹرول اور غیر قانونی پارکنگ کے خلاف آپریشن روزانہ کی بنیاد پر ہوگا۔
اسلام آباد: چیف ٹریفک آفیسر کیپٹن (ر) حمزہ ہمایوں کی زیر صدارت ٹریفک ہیڈ کوارٹر میں اہم میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔ اجلاس میں ایس پی ٹریفک ماجد اقبال اور زونل ڈی ایس پیز نے شرکت کی۔
سی ٹی او نے اجلاس کے دوران ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے کیے گئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ زونل افسران اپنے اپنے علاقوں میں رش والے پوائنٹس کی نشاندہی کریں اور رش کے اوقات میں ٹریفک کو منظم انداز میں کنٹرول کریں۔ مزید کہا کہ زونل افسران روزانہ اپنی کارکردگی رپورٹ جمع کروائیں۔
میٹنگ میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ٹریفک قوانین کے متعلق آگاہی مہم جاری رہے گی اور تجارتی مراکز میں روزانہ کی بنیاد پر غیر قانونی پارکنگ کے خلاف آپریشن ہوگا۔ سی ٹی او نے واضح کیا کہ ٹریفک پولیس کو کرپشن فری ادارہ بنایا جائے گا اور کرپشن میں ملوث اہلکاروں کے لیے محکمے میں کوئی جگہ نہیں ہوگی۔
انہوں نے ٹریفک ایجوکیشن ونگ کی کارکردگی بہتر بنانے اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی کرنے پر زور دیا۔ اجلاس کے اختتام پر کہا گیا کہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا ٹریفک پولیس کی اولین ترجیح ہے۔