سی ٹی او اسلام آباد کا ایماندار اور بہترین کارکردگی دکھانے والے آفیسر کا انتخاب
انسپکٹر محمد شفیق کو لائسنسنگ برانچ کا انچارج مقرر، ٹاؤٹ مافیا کے لیے مشکلات میں اضافہ
اسلام آباد (سید محمد یاسین ہاشمی) اسلام آباد ٹریفک پولیس کے چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) نے انسپکٹر محمد شفیق کو لائسنسنگ برانچ کا انچارج مقرر کر دیا۔ انسپکٹر محمد شفیق مختلف زونز میں خدمات سرانجام دے چکے ہیں جہاں انہوں نے افسران کی ہدایات کے مطابق ہمیشہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
آئی جی پی روڈ پر ڈیوٹی کے دوران انسپکٹر محمد شفیق نے غیر قانونی تجاوزات کے خلاف کامیاب آپریشن کیے جنہیں اہل علاقہ نے بھی سراہا۔ شفیق کی ایماندارانہ شہرت اور میرٹ پر مبنی فیصلوں کے باعث انہیں یہ اہم ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
انسپکٹر محمد شفیق کی تقرری سے ٹاؤٹ مافیا کو شدید پریشانی لاحق ہو گئی ہے، جبکہ سی ٹی او کا کہنا ہے کہ پولیس کو ایسے ہی ایماندار اور فرض شناس افسران کی ضرورت ہے جو میرٹ پر کام کریں اور عوام کو ریلیف فراہم کریں۔