اسلام آباد میں ٹریفک اہلکاروں کی خدمات قابلِ ستائش، سی ٹی او کا خراجِ تحسین

شدید بارش کے دوران ٹریفک روانی برقرار رکھنے والے اہلکاروں کو تعریفی سرٹیفکیٹس دیے گئے

0

اسلام آباد (رپورٹ: سید محمد یاسین ہاشمی) چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد کیپٹن (ر) حمزہ ہمایوں نے حالیہ شدید بارش کے دوران شہریوں کو سہولیات فراہم کرنے اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے پر ٹریفک افسران و اہلکاروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔

سی ٹی او نے کہا کہ محکمہ ٹریفک کے افسران و جوان ہر موسم میں عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ہو کر اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بارش کے دوران اہلکاروں کی محنت و لگن نے شہریوں کے لیے آمدورفت آسان بنائی، جو لائقِ تحسین ہے۔

اس موقع پر کیپٹن (ر) حمزہ ہمایوں نے بہترین کارکردگی دکھانے والے افسران و اہلکاروں کو اپنے دفتر بلا کر ان کی خدمات کو سراہا اور انہیں تعریفی سرٹیفکیٹس بھی دیے۔ سی ٹی او نے ہدایت کی کہ عوامی خدمت کے اس جذبے کو برقرار رکھا جائے تاکہ شہریوں کو مزید بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.