بارانی زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر کا پاکستان کے پہلے نیشنل لائیوسٹاک سنٹر کا دورہ
روات میں قائم جدید تحقیقی مرکز میں لیبارٹریز، کلاس رومز اور جینومکس ریسرچ کی سہولیات,اگلے ماہ تک تعمیری کام مکمل ہوگا
راولپنڈی: پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان نے روات میں قائم پاکستان کے پہلے نیشنل سینٹر فار لائیوسٹاک بریڈنگ، جینیٹکس اینڈ جینومکس کی نئی تعمیر شدہ عمارت کا دورہ کیا۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے رجسٹرار، ڈینز، ڈائریکٹرز اور فیکلٹی ممبران بھی ان کے ہمراہ تھے۔
تفصیلی دورے کے دوران وائس چانسلر نے سینٹر میں قائم مختلف لیبارٹریز، کلاس رومز اور جدید تحقیقی آلات کا معائنہ کیا۔ ڈاکٹر محمد کامران (ڈائریکٹر پی اینڈ ڈی) اور ڈاکٹر غلام بلال (سینٹرل پراجیکٹ ڈائریکٹر) نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تعمیری کام اگلے ماہ مکمل کر لیا جائے گا۔
پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان نے کہا کہ پاکستان بھر میں ایسے خصوصی مراکز کے قیام کی اشد ضرورت ہے تاکہ لائیوسٹاک کے شعبے کو جدید تحقیق اور تعلیم کے ذریعے مضبوط بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس سینٹر کے قیام سے پوسٹ گریجویٹ طلباء اور محققین کو مویشیوں کی افزائش، جینیات اور جینومکس میں تحقیق کے جدید مواقع میسر آئیں گے، جس سے قومی جی ڈی پی میں بھی اضافہ ہوگا۔