یومِ دفاع کی تقریب میں جمہوریت، قربانی اور قومی نظریات پر زور،ڈاکٹر جمال ناصر اور اعجازالحق کا خطاب
جمہوریت تحمل، مشاورت اور نظریات پر ڈٹ جانے کا نام ہے‘‘ — مقررین نے افواجِ پاکستان کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا
اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ض) کے سربراہ اور قومی اسمبلی کے رکن محمد اعجاز الحق نے کہا ہے کہ جمہوریت دراصل مشاورت، برداشت اور ایک دوسرے کی بات تحمل سے سننے کا نام ہے۔ وہ نیشنل پریس کلب میں پاکستان میڈیا تھنک ٹینک کے زیر اہتمام یومِ دفاع پاکستان کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
تقریب میں ممتاز اسلامی اسکالر اور قرآن اکیڈمی کے سربراہ حافظ نسیم خلیل نے "وطن کا دفاع، رحمت العالمین ﷺ کی تعلیمات کی روشنی میں” کے موضوع پر اظہارِ خیال کیا، جبکہ سہیل انجم فاروقی نے نعتِ رسول مقبول ﷺ پیش کی۔ اس موقع پر راولپنڈی کے معروف سیاسی کارکن افضل مرزا کی سیاسی خدمات کو بھی یاد کیا گیا اور انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
تقریب سے سابق پارلیمانی سیکرٹری میاں انوار الحق رامے، سابق نگران صوبائی وزیرِ صحت ڈاکٹر جمال ناصر، راولپنڈی کے معروف سیاسی راہنما ڈاکٹر فرخ اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔
محمد اعجاز الحق نے کہا کہ قوموں کی اصل طاقت ان کے نظریات میں ہوتی ہے، جو قومیں اپنے نظریات سے ہٹ جاتی ہیں وہ ترقی نہیں کر سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ معرکۂ حق میں پاکستان نے خود سے کئی گنا بڑے دشمن کو شکست دی۔ بھارت نے پہل گام واقعے کو بہانہ بنا کر پاکستان پر حملہ کیا مگر ہماری افواج اور فضائیہ نے دشمن کو بھرپور جواب دیا اور اس کے کئی جنگی طیارے تباہ کر دیے۔
ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ جنرل ضیا الحق اسلامی دنیا کے ایک عظیم رہنما تھے، جن کی سادگی کی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے رائے دی کہ فوج ہی ملک کو بہتر سمت میں لے جا سکتی ہے کیونکہ جمہوریت نے عوام کو ڈیلیور نہیں کیا۔
میاں انوار الحق رامے ایڈوکیٹ نے کہا کہ دفاعِ پاکستان ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے، یہ ملک اللہ تعالیٰ کا عطیہ ہے جس کی حفاظت کے لیے ہمارے آبا و اجداد نے بے مثال قربانیاں دیں۔ حافظ نسیم خلیل نے کہا کہ وطن کا دفاع اور اللہ کی راہ میں جہاد ہر مسلمان پر فرض ہے، ہمارے سپاہی ہر وقت جان قربان کرنے کے لیے تیار رہتے ہیں۔
سیاسی راہنما ڈاکٹر فرخ نے کہا کہ پاکستان کو مستحکم بنانے کے لیے نظریاتی سیاست کی ضرورت ہے، اور مرزا افضل جیسے کارکن اسی نظریاتی سیاست کی بدولت سامنے آئے جنہوں نے ملک و قوم کے لیے اہم کردار ادا کیا۔
تقریب میں اسلام آباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ انڈسٹریز کے اراکین سمیت بڑی تعداد میں شرکاء موجود تھے۔