اسلام آباد: ٹریفک قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر مقدمات درج کرنے کا فیصلہ

سی ٹی او کا اعلان، سگنل توڑنے، اوور اسپیدنگ اور نشے کی حالت میں ڈرائیونگ پر زیرو ٹالرنس پالیسی، شہریوں کو قوانین کی پاسداری کی ہدایت۔

0

رپورٹ سید محمد یاسین ہاشمی
اسلام آباد ٹریفک پولیس نے سنگین ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف سخت ایکشن لینے کا اعلان کر دیا ہے۔ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور ٹریفک نظام کو مؤثر بنانے کے لیے اب خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مقدمات بھی درج کیے جائیں گے۔

چیف ٹریفک آفیسر کیپٹن (ر) حمزہ ہمایوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ شہریوں کو ٹریفک قوانین کی پابندی کا عادی بنانا اور سڑکوں پر نظم و ضبط قائم رکھنا ٹریفک پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ انفورسمنٹ کے ساتھ ساتھ شہریوں کو آگاہی فراہم کرنے کے لیے بھی جامع مہم جاری ہے تاکہ لوگ اپنی اور دوسروں کی جانوں کو خطرے میں ڈالنے سے باز رہیں۔

سی ٹی او نے کہا کہ سگنل توڑنے، خطرناک ڈرائیونگ، اوور اسپیدنگ اور نشے کی حالت میں ڈرائیونگ کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی گئی ہے۔ شہریوں کو چاہیے کہ وہ قانون کی پاسداری کریں، کیونکہ قوانین پر عمل درآمد سے ہی حادثات کی شرح کم کی جا سکتی ہے اور محفوظ سفر کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس عوام کے تعاون سے ہی ایک محفوظ اور خوشگوار ٹریفک ماحول تشکیل دینے میں کامیاب ہو سکتی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.