حسینیاں شریف میں جشن آمد خاتم النبیین ﷺ کانفرنس کا شاندار انعقاد

عشقِ رسول ﷺ سے معمور جلوس، علما و مشائخ کے ایمان افروز خطابات اور اتحادِ امت کے پیغام سے محفل گلزار بن گئی

0

کہوٹہ روڈ (سید محمد یاسین ہاشمی ) آستانہ عالیہ قادریہ جیلانیہ حسینیاں شریف میں جشن آمد خاتم النبیین ﷺ کانفرنس کا روح پرور انعقاد کیا گیا جس کی صدارت حضرت مفکر اسلام ڈاکٹر پیر سید عبدالقادر جیلانی شاہ اور پیر سید علی امام جیلانی شاہ نے کی۔ کانفرنس سے قبل عظیم الشان جلوس کا آغاز دربار قادریہ پیر سید ولایت علی شاہ جیلانی سندھو سیداں شریف سے ہوا۔ عاشقانِ رسول ﷺ نے موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کو برقی قمقموں اور جھنڈوں سے سجایا اور راستے بھر عشق و محبتِ رسول ﷺ کے والہانہ نعرے بلند کیے۔ جلوس کہوٹہ روڈ چک کامدار سے ہوتا ہوا حسینیاں شریف پہنچا جہاں شرکاء کا پرتپاک استقبال گلاب کی پتیوں سے کیا گیا۔ فضا نعرہ تکبیر، نعرہ رسالت اور "حیدر حیدر” کی صداؤں سے معطر رہی۔ حسینیاں شریف پہنچنے پر شرکاء جلوس کے لیے لنگر اور طعام کا خصوصی اہتمام کیا گیا۔

بعد ازاں عظیم الشان خاتم النبیین ﷺ کانفرنس منعقد ہوئی جس میں نامور علماء و مشائخ نے خطابات کیے۔ مقررین نے اپنے خطابات میں کہا کہ ختمِ نبوت ﷺ کا عقیدہ امتِ مسلمہ کا اجماعی اور غیر متزلزل عقیدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ 7 ستمبر 1974ء کو پاکستان کی قومی اسمبلی نے متفقہ قرارداد کے ذریعے ختم نبوت کے قانون کو آئینی شکل دی، جو ہمیشہ ایمان کی اساس رہے گا۔ کانفرنس میں علماء کرام، مشائخ عظام، اسکالرز اور عقیدت مندوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر سید عاطف گیلانی، سید شہزاد گیلانی اور میاں احمد نواز قادری نے تمام شرکاء کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس قسم کی کانفرنسیں ایمان و عقیدے کی تجدید اور اتحادِ امت کے فروغ کا ذریعہ ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.