تین ڈاکوؤں نے اسکول ٹیچر کو گن پوائنٹ پر لوٹ لیا، پولیس پر ایف آئی آر میں مالیت کم درج کرنے کا الزام
گورنمنٹ ٹیچر نے سی پی او راولپنڈی سے نوٹس لینے اور ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کر دیا۔
(رپورٹ: ازرم خیام)
تھانہ روات کی حدود میں تین مسلح ڈاکوؤں نے اسکول ٹیچر کو گن پوائنٹ پر موٹر سائیکل، موبائل فونز اور نقدی سے محروم کر دیا۔ متاثرہ ٹیچر نے پولیس پر ایف آئی آر میں لوٹی گئی اشیاء کی مالیت کم درج کرنے کا الزام عائد کیا ہے اور سی پی او راولپنڈی سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
گورنمنٹ ہائی اسکول مسہ کسوال گوجرخان کے استاد محبوب احمد نے اپنی درخواست میں بتایا کہ وہ صبح 7 بج کر 10 منٹ پر ڈیوٹی پر جا رہے تھے جب جی ٹی روڈ پر محمدی مارکی کے قریب تین ملزمان موٹر سائیکل ون ٹو فائیو پر پہنچے اور اسلحہ کی نوک پر ان کا موٹر سائیکل، دو موبائل فون، 4600 روپے نقدی اور کارڈز چھین کر فرار ہو گئے۔
متاثرہ شہری کے مطابق پولیس نے ایف آئی آر درج کرتے وقت موٹر سائیکل کی اصل مالیت کے بجائے کم مالیت تحریر کی، جس پر انہوں نے سخت تشویش کا اظہار کیا۔ محبوب احمد نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کر کے لوٹی گئی رقم اور سامان واپس دلوایا جائے جبکہ تفتیش میں غفلت برتنے والے اہلکاروں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔