گوجر خان میں 21 سالہ رکشہ ڈرائیور کے ساتھ اجتماعی زیادتی، دو نامزد اور دو نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج
متاثرہ نوجوان پر تشدد اور زیادتی کے بعد شدید ذہنی و جسمانی صدمہ، اہل خانہ اور علاقہ مکینوں کا ملزمان کی فوری گرفتاری اور شفاف انصاف کا مطالبہ۔
خبر (رپورٹ: ازرم خیام)
گوجر خان — محلہ بڑکی چوہان میں ایک سنگین واقعہ پیش آیا ہے، جہاں 21 سالہ رکشہ ڈرائیور کو دو نامزد اور دو نامعلوم افراد نے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا۔ متاثرہ ڈرائیور کے مطابق ملزمان نے نہ صرف زیادتی کی بلکہ اسے بے رحمی سے تشدد کا نشانہ بھی بنایا، جس کے نتیجے میں وہ شدید ذہنی اور جسمانی صدمے سے دوچار ہے۔
واقعے کی اطلاع متاثرہ نوجوان کی والدہ، جو بیوہ ہیں، نے فوری طور پر پولیس کو دی اور مقدمہ درج کرایا۔ نامزد ملزمان میں شاہ زیب اور عامر شامل ہیں، جو اسی علاقے کے رہائشی ہیں، جبکہ دو دیگر ملزمان تاحال نامعلوم ہیں۔ پولیس نے ان کی تلاش کے لیے کارروائی شروع کر دی ہے۔
اہلِ محلہ نے اس دلخراش واقعے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ علاقے میں خوف اور عدم تحفظ کی فضا پیدا ہو گئی ہے۔ پولیس حکام نے متاثرہ نوجوان کی طبی جانچ کروا کر قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
متاثرہ ڈرائیور کے اہلِ خانہ نے مطالبہ کیا ہے کہ تمام ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قرارِ واقعی سزا دی جائے تاکہ انصاف یقینی بنایا جا سکے اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ہو۔