راولپنڈی: ٹریفک پولیس کی وردی میں جعلی اہلکار گرفتار، رکشہ ڈرائیوروں سے رقوم بٹور رہا تھا

وارڈن فیصل بشیر کی بروقت کارروائی، ملزم سے جعلی پولیس کارڈ، نقدی اور دیگر سامان برآمد؛ سی ٹی او نے اہلکار کو انعام دینے کا اعلان کیا۔

0

 (رپورٹ: ازرم خیام)

راولپنڈی — ٹریفک پولیس کی وردی میں ملبوس ایک جعلی اہلکار کو گنج منڈی میں بروقت کارروائی کے دوران گرفتار کر لیا گیا۔ ٹریفک وارڈن فیصل بشیر نے ملزم کو اس وقت پکڑا جب وہ رکشوں اور گاڑیوں سے غیر قانونی طور پر رقم وصول کر رہا تھا۔

ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت محمد عارف ولد محمد شریف کے نام سے ہوئی ہے، جو ٹریفک پولیس کی وردی اور ریفلیکٹنگ جیکٹ پہن کر رکشہ ڈرائیوروں سے 100 روپے سے 1200 روپے تک وصول کرتا تھا۔ ملزم کے قبضے سے نقدی، جعلی پولیس کارڈ اور دیگر سامان بھی برآمد کر لیا گیا۔ اس کے خلاف تھانہ گنج منڈی میں باقاعدہ درخواست جمع کرا دی گئی ہے۔

چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) راولپنڈی فرحان اسلم نے وارڈن فیصل بشیر کی فرض شناسی کو سراہتے ہوئے اسے انعام دینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ کرپشن یا کسی بھی شکایت کی صورت میں آن لائن پورٹل اور ٹریفک ہیڈ کوارٹر کے کمپلین سیل سے رابطہ کریں تاکہ فوری کارروائی کی جا سکے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.