اسلام آباد سید محمد یاسین ہاشمی
اسلام آباد ٹریفک پولیس کی کامیاب ڈرائیونگ لائسنس مہم پر انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے ڈی آئی جی ٹریفک ہارون جوئیہ، چیف ٹریفک آفیسر کیپٹن (ر) حمزہ ہمایوں، مہم میں شامل افسران اور والنٹئیرز کو شاندار کارکردگی پر خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ عوامی سہولت، قانون کی پاسداری اور ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کے فروغ میں ٹریفک پولیس کا کردار قابلِ ستائش ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسی مثبت سرگرمیاں شہریوں میں ٹریفک قوانین کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد کے رشتے کو مضبوط بناتی ہیں۔

آئی جی سید علی ناصر رضوی کا کہنا تھا کہ ڈرائیونگ لائسنس مہم کے دوران ہزاروں شہریوں نے قانونی طور پر لائسنس حاصل کیا، جو کہ اسلام آباد پولیس کی کارکردگی پر عوامی اعتماد کا مظہر ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ قانون کی پابندی اور تربیت یافتہ ڈرائیور ہی سڑکوں پر حادثات میں کمی لا سکتے ہیں۔

ڈی آئی جی ٹریفک ہارون جوئیہ اور چیف ٹریفک آفیسر کیپٹن (ر) حمزہ ہمایوں نے بھی آئی جی کے اعتماد پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک پولیس شہریوں کو سہولت فراہم کرنے اور محفوظ ڈرائیونگ کلچر کے فروغ کے لیے اپنے اقدامات جاری رکھے گی۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق، ڈرائیونگ لائسنس مہم کے دوران عوام کی غیر معمولی شرکت دیکھنے میں آئی، جبکہ مہم کے تحت شہریوں کو موقع پر رہنمائی، تربیت اور آن لائن سہولیات بھی فراہم کی گئیں