اسلام آباد (رپورٹ سید محمد یاسین ہاشمی ) :ملکی صورتحال کے پیش نظر اسلام آباد ٹریفک پولیس ہیڈکوارٹر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کر دیے گئے ہیں۔ چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) حمزہ ہمایوں اور ایس پی ماجد اقبال کی خصوصی ہدایت پر داخلی اور خارجی راستوں پر پولیس اہلکاروں کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔
ہیڈکوارٹر میں داخل ہونے والے تمام شہریوں اور گاڑیوں کی مکمل چیکنگ کی جا رہی ہے، خصوصاً وہ گاڑیاں جو ڈرائیونگ ٹیسٹ کے لیے آتی ہیں۔ انسپکٹر لائسنسنگ انچارج محمد شفیق کے مطابق، ہر شہری کی شناخت کی تصدیق اور گاڑیوں کی جانچ کے بعد ہی داخلے کی اجازت دی جا رہی ہے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک شخص یا سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر ہیلپ لائن 15 پر دیں۔
سی ٹی او حمزہ ہمایوں نے کہا کہ “عوام کی حفاظت اور سیکیورٹی ہماری اولین ترجیح ہے۔ ہیڈکوارٹر سمیت تمام عوامی مقامات پر فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔”
ایس پی ماجد اقبال نے کہا کہ شہریوں کا تعاون ہی سیکیورٹی کا مضبوط حصہ ہے۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ اپنے اردگرد مشکوک سرگرمیوں پر گہری نظر رکھیں اور پولیس کو فوری اطلاع دیں۔
انسپکٹر محمد شفیق نے مزید کہا کہ ڈرائیونگ لائسنس کے امتحانات میں حصہ لینے والی گاڑیوں اور امیدواروں کی جانچ کے تمام حفاظتی اقدامات سختی سے عمل میں لائے جا رہے ہیں تاکہ ہیڈکوارٹر میں موجود عملہ اور شہری محفوظ رہ سکیں