پوٹھوہار ہوٹل کیس: عدالت کا بلدیہ گوجرخان کے حق میں تاریخی فیصلہ

72 لاکھ کے واجبات پر فیصلہ، بلدیہ کی قانونی فتح نے رٹ بحال کی، ڈیفالٹرز کے لیے واضح پیغام

0

گوجرخان( ازرم خیام) کے معروف پوٹھوہار ہوٹل کیس نے بالآخر ایک اہم قانونی موڑ لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق طویل عرصے سے جاری اس قانونی تنازع کا فیصلہ مورخہ 27 جون کو راولپنڈی کی معزز عدالت کے سینئر سول جج نے بلدیہ گوجرخان کے حق میں سنا دیا، جسے شہر بھر میں ایک بڑی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔عدالت میں بلدیہ گوجرخان کی مؤثر نمائندگی معروف قانون دان ملک احتشام فاروق ایڈووکیٹ نے کی۔ انہوں نے مدلل اور ٹھوس دلائل پیش کرتے ہوئے عدالت کو قائل کیا، جس پر عدالت نے بلدیہ گوجرخان کے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے پوٹھوہار ہوٹل کے حقِ ملکیت و مالی واجبات کے حوالے سے بلدیہ کے مؤقف کو تسلیم کیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پوٹھوہار ہوٹل کے مالک پر بلدیہ گوجرخان کے تقریباً 72 لاکھ روپے واجب الادا ہیں، جو عرصہ دراز سے ادا نہیں کیے گئے۔ اس صورتحال پر شہریوں نے اسسٹنٹ کمشنر گوجرخان سے بھرپور مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر یہ واجبات وصول کیے جائیں اور متعلقہ ڈیفالٹر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے، تاکہ بلدیہ کے مالی وسائل کو محفوظ بنایا جا سکے اور عوامی مفاد کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔
بلدیہ گوجرخان کے اس اہم قانونی معرکے میں کامیابی پر شہریوں، سماجی حلقوں اور تاجر برادری نے اطمینان اور خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے بلدیہ کی بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پوٹھوہار ہوٹل کی نیلامی نۓ سرے سے کی جاۓ اور فوری طور پر پرانے مالک جو کہ بلدیہ کا ڈیفالٹر ہے اس سے اس ہوٹل کی ملکیت واپس لی جاۓ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ پوٹھوہار ہوٹل کی نیلامی باقائدہ صاف شفاف انداز اور میڈیا کی نگرانی میں ہونی چاہیۓ۔شہری حلقوں کی جانب سے مزید کہا جا رہا ہے کہ عدالتی فیصلے سے نہ صرف بلدیہ کی رٹ بحال ہوئی ہے بلکہ دیگر ڈیفالٹرز کے لیے بھی ایک واضح پیغام ہے کہ قانون سے بالا تر کوئی نہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.