ٹک ٹاک اکاؤنٹ نہ ڈیلیٹ کرنے پر باپ نے 16 سالہ بیٹی کو گولی مار دی

قتل کے بعد واقعے کو خودکشی قرار دینے کی کوشش، پوسٹ مارٹم اور شواہد نے حقیقت بے نقاب کر دی

0

راولپنڈی: راولپنڈی کے تھانہ روات کے علاقے ڈھوک چوہدریاں، تخت پڑی میں 16 سالہ مہک شہزادی کو اُس کے والد اخلاق احمد نے مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کر دیا۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دیا اور مقدمہ پولیس کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق مقدمے میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ مہک شہزادی کو اُس کے والد نے سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک پر موجودگی کے باعث اکاؤنٹ ڈیلیٹ کرنے کا کہا، تاہم بیٹی کے انکار پر ملزم نے طیش میں آ کر فائرنگ کر دی جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدا میں اہل خانہ نے واقعے کو خودکشی قرار دینے کی کوشش کی، تاہم تحقیقات اور پوسٹ مارٹم رپورٹ سے واضح ہوا کہ یہ قتل کا کیس ہے۔ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں اور مختلف زاویوں سے تحقیقات جاری ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم اخلاق احمد واقعے کے بعد موقع سے فرار ہو گیا جس کی تلاش جاری ہے، جبکہ مقدمے میں "فساد فی الارض” کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔ اس دلخراش واقعے نے ایک بار پھر معاشرے میں بڑھتے ہوئے عدم برداشت اور سوشل میڈیا کے حوالے سے خاندانی دباؤ کے خطرناک نتائج کو اجاگر کر دیا ہے۔

Ask ChatGPT
Leave A Reply

Your email address will not be published.