تحریک کی کامیابی کے لیے خواتین کا شعور، استقامت اور کردار ناگزیر ہے, حمیرا طارق
اللہ کی زمین پر اللہ کا نظام , جماعت اسلامی خواتین کا ضلعی اجتماع کارکنان میں عزم و پیغام
کراچی / اسلام آباد : حلقہ خواتین جماعت اسلامی ضلع شرقی کراچی کے زیر اہتمام ریڈیئنس بینکوئٹ گلستان جوہر اور مسجد قبا گلبرگ میں ضلعی اجتماع کارکنان اور اجتماع امیدواران کا انعقاد کیا گیا۔ اس روح پرور پروگرام میں قیمہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان محترمہ حمیرا طارق نے خصوصی شرکت کی۔
پروگرام کا آغاز سورہ الصف کی تلاوت سے ہوا، جس کے بعد ناظمہ ضلع شرقی عطیہ ارشد نے تذکیری گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دین کی اقامت کے جذبے سے سرشار کارکنان کے لیے ایمان کی تجدید، صبر اور استقامت بنیادی تقاضے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے دین کے نفاذ کے لیے ہر فرد کو اپنی جان، مال، علم اور صلاحیتیں قربان کرنا ہوں گی — یہی اصل کامیابی ہے۔
محترمہ ثمینہ سعید، نگران نشرو اشاعت اور آئی ٹی، نے ممبر سازی اور کمیٹی سازی کے عملی اقدامات پر روشنی ڈالی اور کہا کہ معاشرے میں جماعت اسلامی کے پیغام کو عام کرنے کے لیے علمی و اصلاحی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔
نائب قیمہ حلقہ خواتین محترمہ زبیدہ جبین نے فرد اور تنظیم کے درمیان ربط، تحریکی مقاصد سے وابستگی، اور قلبی لگاؤ کی اہمیت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تنظیم سے تعلق تعارف سے وابستگی تک کا سفر قلبی تعلق کے بغیر ممکن نہیں۔
قیمہ حلقہ خواتین پاکستان محترمہ حمیرا طارق نے کارکنان کے سوالات کے جوابات دیے اور اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی باشعور خواتین کا اسلامی معاشرے کے قیام میں کردار نہایت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی خواتین کی بھرپور نمائندگی کرتی ہے اور ہر طبقے کی خواتین کو قریب لا کر ان کے مسائل کا حل مہیا کرنے میں سب سے مؤثر کوششیں کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مولانا مودودیؒ کی تحریریں اور تحریکی لٹریچر ہمیں زندگی کے اصل مقصد اور ایک مسلمان کی حقیقی ذمہ داری کا شعور دیتے ہیں، اس لیے ان سے جڑے رہنا نہایت ضروری ہے۔
اختتامی دعا ناظمہ کراچی جاوداں فہیم نے کرائی، جبکہ اس موقع پر ناظمہ صوبہ سندھ رخشندہ منیب بھی موجود تھیں۔ پروگرام جذبہ، فکر اور عملی ہدایت کا مؤثر امتزاج تھا، جس نے کارکنان کے اندر تحریکی ولولہ تازہ کر دیا۔