ڈاکٹرعائشہ ریاض کو IFBA کی جانب سے تین سرٹیفیکیشنز سے نوازا گیا
وائس چانسلر بارانی یونیورسٹی نے سرٹیفکیٹس پیش کرتے ہوئے بائیو سیفٹی اور بائیو سیکیورٹی میں ان کی خدمات کو سراہا
پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی کی ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر عائشہ ریاض کو انٹرنیشنل فیڈریشن آف بائیو سیفٹی ایسوسی ایشنز (IFBA) کی جانب سے بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تین سرٹیفیکیشنز سے نوازا گیا ہے۔ انھوں نے بائیورزک مینجمنٹ، بائیو سیکورٹی، اور بائیولوجیکل ویسٹ مینجمنٹ میں کامیابی سے یہ سرٹیفیکیشن حاصل کیں۔ وہ پاکستان کے ان 50 تصدیق شدہ پیشہ ور افراد میں شامل ہو چکی ہیں جنھوں نے بائیو سیکورٹی اور بائیولوجیکل ویسٹ مینجمنٹ میں ملک بھر میں یہ امتیازات حاصل کیے ہیں۔ عالمی سطح پر ان کی خدمات کا اعتراف دراصل ڈاکٹر عائشہ ریاض کی لگن اور بائیو سیفٹی سے ان کی غیر معمولی وابستگی کو ظاہر کرتا ہے۔
وائس چانسلر بارانی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان نے باضابطہ طور پر انھیں اسناد پیش کرتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا۔ وائس چانسلر صاحب کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عائشہ ریاض کا کارنامہ نہ صرف پیشہ ورانہ مہارت کے لیے ان کی ذاتی لگن کی عکاسی کرتا ہے بلکہ بائیو سیفٹی اور بائیو سیکیورٹی کے اہم شعبوں میں ہماری یونیورسٹی کی ساکھ کو بھی بلند کرتا ہے۔ ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ ہمارے فیکلٹی ممبران عالمی بایو سیفٹی معیارات میں اپنا حصہ شامل کر رہے ہیں۔
IFBA سرٹیفیکیشن پروگرام ISO/IEC 17024:2012 میں بیان کردہ رہنما خطوط پر عمل کرتے ہوئے اپنے معیارات کے لیے عالمی سطح پر جانا جاتا ہے۔ یہ اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ تصدیق شدہ افراد بایو سیفٹی اور بائیو سیکیوریٹی کے خطرات کو کم کرنے کے لیے مطلوبہ صلاحیتوں کے مالک ہوں۔ یہ سرٹیفیکیشنز بائیولوجیکل میٹیریلز کو محفوظ طریقے سے ہینڈل کرنے کی صلاحیت کو ظاہر کرتے ہیں، جس سے بائیو سیفٹی اور بائیو سیکیورٹی کے خطرات کو کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔
ڈاکٹر عائشہ ریاض نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمرالزمان کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے تعاون، رہنمائی اور سرپرستی نے اس سنگ میل کو عبور کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔