راولپنڈی کے عوام کی ترجمانی جے یو آئی کرے گی,انجینئر ضیاءالرحمن
فضل الرحمن کا بیانیہ تیزی سے مقبول، راولپنڈی میں جے یو آئی کا ورکرز کنونشن، کارکنوں کی بڑی تعداد میں شرکت
راولپنڈی,جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) تحصیل میٹرو پولیٹن راولپنڈی کے زیر اہتمام بخارا رائل مارکی میں استقبالیہ ورکرز کنونشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں پارٹی کارکنوں اور ذمہ داران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کنونشن سے مرکزی کوآرڈینیٹر ڈیجیٹل میڈیا انجینئر ضیاءالرحمن، فرخ خان کھوکھر، جے یو آئی پنجاب کے سیکرٹری جنرل حافظ نصیر احمد احرار، ضلعی امیر راولپنڈی حافظ ڈاکٹر ضیاءالرحمن، ارشد عباسی، میٹرو پولیٹن امیر مفتی مسرت اقبال عباسی، سیکرٹری جنرل حافظ ضیاءاللہ اور حافظ بشارت عثمانی نے خطاب کیا۔

مقررین نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کا بیانیہ راولپنڈی سمیت پنجاب بھر میں تیزی سے مقبول ہو رہا ہے اور عوام کی بڑی تعداد جے یو آئی کے کارواں میں شامل ہو رہی ہے۔ انجینئر ضیاءالرحمن نے کہا کہ اب راولپنڈی کے عوام کی ترجمانی جے یو آئی کرے گی، اور کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ عوامی رابطہ مہم کو مزید تیز کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن کا پیغام گھر گھر پہنچائیں۔
کنونشن میں حافظ نصیر احمد احرار نے حافظ ثاقب شہید کیس کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ واقعے کو ایک سال گزر چکا ہے مگر مجرم ابھی تک گرفتار نہیں ہوئے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ قاتلوں کو فوری گرفتار کر کے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔