جموں و کشمیر ہاؤسنگ سوسائٹی میں ترقیاتی کاموں کا باقاعدہ آغاز

"جان قربان کر دیں گے مگر ممبران کو دھوکہ نہیں دیں گے" , سردار سبیل جمیل خان کا دو ٹوک اعلان

0

اسلام آباد : جموں و کشمیر ہاؤسنگ سوسائٹی کے سیکرٹری سردار سبیل جمیل خان نے اعلان کیا ہے کہ سوسائٹی میں ترقیاتی کاموں کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے اور جلد ہی تمام سیکٹرز میں یہ عمل مزید تیزی سے جاری ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی سوسائٹی کی سالانہ جنرل میٹنگ (اے جی ایم) بھی بلائی جا رہی ہے، جس میں ممبران کو سوسائٹی کے مستقبل سے متعلق اہم فیصلوں سے آگاہ کیا جائے گا۔

سردار سبیل جمیل خان نے کہا کہ وہ اپنے تمام ممبران کے شکر گزار ہیں جنہوں نے مشکل حالات میں صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سوسائٹی کا مقصد اپنے ممبران کو روشن مستقبل فراہم کرنا ہے، اور اس مقصد کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ کشمیر ماڈل ٹاؤن چکری کے حوالے سے بھی بہت جلد ایک بڑی بریکنگ نیوز ممبران کے ساتھ شیئر کی جائے گی جو خوشی کا باعث بنے گی۔

سیکرٹری سوسائٹی نے واضح کیا کہ تمام ممبران ایک پیج پر ہیں اور افواہیں پھیلانے والے عناصر اب غیر مؤثر ہو چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ کسی بھی قیمت پر ممبران کا اعتماد ٹھیس پہنچانے کی اجازت نہیں دیں گے، بلکہ اگر ضرورت پڑی تو اپنی جان تک قربان کرنے سے گریز نہیں کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سوسائٹی کے ہر ممبر کی مشکلات سے بخوبی آگاہ ہیں اور ان کے لیے مناسب اور سستے رہائشی پلاٹس کی فراہمی کو اپنی ذمہ داری سمجھتے ہیں۔ اسی وژن کے تحت سوسائٹی میں ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا گیا ہے تاکہ جلد از جلد ممبران کو پلاٹس حوالے کیے جا سکیں۔ سردار سبیل جمیل خان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان شاء اللہ بہت جلد اس حوالے سے ممبران کو خوشخبری سنائی جائے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.