قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، شہداء کی فیملیز ہمارا فخر ہیں , ڈی پی او احمد محی الدین
شہداء پولیس چکوال کو خراج عقیدت، فیملیز کے اعزاز میں پروقار تقریب کا انعقاد
چکوال : پولیس لائن چکوال میں شہداء پولیس کو خراج عقیدت پیش کرنے اور ان کے لواحقین کے اعزاز میں ایک باوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ضلعی انتظامیہ، دفاعی و سیاسی شخصیات، معززین شہر اور سول سوسائٹی کی نمائندہ شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر احمد محی الدین، ڈپٹی کمشنر سارہ حیات، سابق سینیٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم، سابق تحصیل ناظم راجہ مجاہد افسر، معروف سماجی رہنما ملک فلک شیر اعوان، مہوش سلطانہ راجہ اور دیگر عمائدین شہر نے خصوصی شرکت کی۔
اس موقع پر شہداء کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ وہ قوم کے حقیقی ہیرو ہیں جنہوں نے عوام کے جان و مال کی حفاظت کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔ ڈی پی او احمد محی الدین نے اپنے خطاب میں کہا کہ پولیس کے شہداء کا خون ہماری پہچان اور حوصلہ ہے، ان کے اہل خانہ کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور انہیں ہر سطح پر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر سارہ حیات نے بھی شہداء کے خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں ملک و قوم کا فخر ہیں۔ تقریب کے آخر میں شہداء کی فیملیز کو اعزازی شیلڈز اور تحائف بھی پیش کیے گئے اور ان کی خدمات کو بھرپور انداز میں سراہا گیا۔