اسلام آباد میں غیر ملکی وفود کے لیے ٹریفک پلان، چیف ٹریفک آفیسر کا روٹس کا دورہ

"شہری 20 منٹ کا وقفہ رکھ کر سفر کریں، متبادل راستے فراہم کر دیے گئے ہیں" ,سید ذیشان حیدر

0

اسلام آباد (سید محمد یاسین ہاشمی)

اسلام آباد ٹریفک پولیس نے غیر ملکی وفود کی آمد و رفت کے لیے خصوصی ٹریفک پلان تیار کرتے ہوئے تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی خصوصی ہدایات پر چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد کیپٹن (ر) سید ذیشان حیدر نے ان روٹس کا تفصیلی دورہ کیا جو غیر ملکی مہمانوں کی نقل و حرکت کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔

چیف ٹریفک آفیسر نے اس موقع پر تمام ٹریفک انتظامات کا جائزہ لیا اور ٹریفک اہلکاروں کو ہدایات دیں کہ ٹریفک کی روانی ہر صورت برقرار رکھی جائے۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی وفود کے گزرنے کے دوران ٹریفک پلان پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا تاکہ نہ صرف وفود کی سیکیورٹی کو یقینی بنایا جا سکے بلکہ شہریوں کو بھی کم سے کم تکلیف ہو۔

سید ذیشان حیدر نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ وہ ایکسپریس ہائی وے اور سری نگر ہائی وے سے منسلک متبادل راستوں کو استعمال کریں اور سفر کے دوران 20 منٹ کا وقفہ رکھ کر روانہ ہوں تاکہ کسی بھی قسم کی تاخیر یا پریشانی سے بچا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس محفوظ اور بہتر سفری سہولیات کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔

مزید کہا گیا کہ شہری کسی بھی معلومات یا رہنمائی کے لیے ٹریفک پولیس کی ہیلپ لائن 1915 پر رابطہ کریں اور اسلام آباد پولیس کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر جاری ٹریفک اپڈیٹس سے باخبر رہیں۔ شہریوں کی سہولت اور غیر ملکی مہمانوں کی باحفاظت آمد و رفت کو یقینی بنانے کے لیے تمام افسران اور اہلکاروں کو اپنی ذمہ داریاں پوری تندہی سے نبھانے کی ہدایات دی گئی ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.