اسلام آباد پولیس کا فینسی اور غیر نمونہ نمبر پلیٹس کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن

33 ہزار سے زائد ڈرائیورز کے خلاف کارروائی، متعدد گاڑیاں و موٹر سائیکلیں تھانوں میں بند

0

اسلام آباد : سید محمد یاسین ہاشمی
اسلام آباد پولیس نے فینسی اور غیر نمونہ نمبر پلیٹس استعمال کرنے والی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے خلاف بلاتفریق کریک ڈاؤن جاری رکھا ہوا ہے۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد، سید علی ناصر رضوی کی خصوصی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہر بھر میں مختلف مقامات پر خصوصی ناکے لگا کر اسپیشل انفورسمنٹ اسکواڈ تعینات کیے ہیں۔

پولیس ترجمان کے مطابق رواں سال کے دوران اب تک 33 ہزار سے زائد ڈرائیورز کے خلاف قانونی کارروائی کی جا چکی ہے۔ متعدد گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں ضبط کرکے مختلف تھانوں میں بند کر دی گئیں جبکہ ہزاروں فینسی اور غیر نمونہ نمبر پلیٹس بھی اتار دی گئیں۔

چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد، کیپٹن (ر) سید ذیشان حیدر نے تمام زونل ڈی ایس پیز کو ہدایت کی ہے کہ وہ فینسی اور غیر نمونہ نمبر پلیٹس کے خلاف مہم کو مزید مؤثر بنائیں اور کسی قسم کی رعایت نہ برتی جائے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں ٹریفک قوانین کی مکمل پاسداری ہر صورت یقینی بنائی جائے گی اور قانون شکنی پر سخت کارروائی جاری رہے گی۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بروقت رجسٹر کروائیں اور صرف ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ کی جاری کردہ نمونہ نمبر پلیٹس کا استعمال کریں تاکہ قانونی کارروائی سے بچا جا سکے۔

اسلام آباد پولیس کی یہ مہم نہ صرف ٹریفک قوانین کے نفاذ کو یقینی بنانے کی جانب ایک مثبت قدم ہے بلکہ قانون کی بالادستی کو برقرار رکھنے کے لیے بھی ایک عملی اقدام ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.