برطانیہ کا ویزہ لگوانے کا جھانسہ، میاں بیوی نوسر باز گینگ نے گوجرخان کے شہری سے 80 لاکھ روپے ہتھیا لیے
فراڈ کا شکار شہری کی وزیر اعظم اور وزیر داخلہ سے انصاف کی اپیل، ایف آئی اے نے انکوائری شروع کر دی، انٹرپول کے ذریعے گرفتاری کا مطالبہ
گوجرخان : سید محمد یاسین ہاشمی
گوجرخان کے علاقے کونتریلہ سے تعلق رکھنے والے راجہ عمران یاسر نے الزام عائد کیا ہے کہ برطانیہ کا ویزہ لگوانے کا جھانسہ دے کر ایک میاں بیوی پر مشتمل نوسر باز گینگ نے ان سے 80 لاکھ روپے ہتھیا لیے ہیں۔ انہوں نے اس سنگین فراڈ کے خلاف وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) میں درخواست جمع کروا دی ہے اور وزیر اعظم میاں شہباز شریف اور وزیر داخلہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو انٹرپول کے ذریعے گرفتار کر کے ان کی رقم واپس دلوائی جائے۔
بدھ کے روز گوجرخان میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ عمران یاسر نے انکشاف کیا کہ سعدیہ طاہر اور اس کا شوہر طاہر احمد، جو کہ برطانیہ میں مقیم ہیں، سادہ لوح شہریوں کو ویزہ لگوانے کے نام پر لاکھوں روپے کا جھانسہ دیتے ہیں، مگر نہ ویزہ فراہم کرتے ہیں نہ رقم واپس کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ دونوں میاں بیوی اب تک متعدد شہریوں کو ایسے ہی طریقے سے لوٹ چکے ہیں اور خود بیرونِ ملک فرار ہو چکے ہیں۔
متاثرہ شہری کے مطابق اس نے ویزہ لگوانے کے لیے 80 لاکھ روپے دیے تھے، جس کی رسید، بینک ریکارڈ اور آڈیو ریکارڈنگ بطور ثبوت موجود ہیں۔ فریقین کے درمیان ایک تحریری معاہدہ بھی طے پایا تھا، جس میں یہ واضح تھا کہ اگر ویزہ نہ لگا تو مکمل رقم واپس کی جائے گی، مگر اس پر عملدرآمد نہیں کیا گیا۔
ایف آئی اے نے درخواست کی بنیاد پر کارروائی کا آغاز کر دیا ہے اور طاہر احمد اور صادیہ طاہر کو باقاعدہ طلبی کے نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں۔
راجہ عمران یاسر نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے جعلساز عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ دیگر شہری اس طرح کے فراڈ سے محفوظ رہیں۔