اسلام آباد (سید محمد یاسین ہاشمی) — انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت وفاقی دارالحکومت میں منظم ٹریفک انتظامات کے لیے سنٹرل پولیس آفس میں اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایس پی ٹریفک، ڈی ایس پیز، انسپکٹرز اور دیگر پولیس افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یومِ آزادی کی تقریبات (13 اور 14 اگست) کے دوران شاہراہوں پر مؤثر ٹریفک مینجمنٹ کو یقینی بنایا جائے گا، شہریوں کو بروقت متبادل راستے فراہم کیے جائیں گے اور ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی مہم کو مزید فعال کیا جائے گا۔
آئی جی اسلام آباد نے ہدایت دی کہ عوامی سہولیات پر خصوصی توجہ دی جائے، تعلیمی اداروں اور اہم مقامات پر ٹریفک پولیس کی موبائل خدمات فراہم کی جائیں، مارکیٹ کمیٹیوں کے تعاون سے غیر قانونی پارکنگ کا خاتمہ کیا جائے اور اسلام آباد ٹریفک پولیس ایف ایم ریڈیو کو مزید فعال بنایا جائے۔
انہوں نے زور دیا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ، ٹریفک کی روانی اور سڑکوں پر نظم و ضبط قائم رکھنے کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جائیں۔ ان کے مطابق امن و امان کے قیام کے ساتھ مربوط ٹریفک کا نظام اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے۔