اسلام آباد:رپورٹ سید محمد یاسین ہاشمی پاک سیکرٹریٹ میں پارکنگ کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے اسلام آباد ٹریفک پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے عملی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) کیپٹن (ر) حمزہ ہمایوں اور مجسٹریٹ میر یامین نے اچانک پاک سیکرٹریٹ کا دورہ کیا اور نئی قائم کردہ پارکنگ سائیٹ کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر سی ٹی او نے پاک سیکرٹریٹ کے ملازمین اور وہاں آنے والے شہریوں کو ہدایت دی کہ وہ گاڑیاں نئی پارکنگ ایریا میں کھڑی کریں تاکہ سڑکوں پر رش اور ٹریفک جام سے بچا جا سکے۔
انہوں نے واضح کیا کہ سیکرٹریٹ کی سڑکوں پر گاڑیاں پارک کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ سی ٹی او کیپٹن (ر) حمزہ ہمایوں نے کہا کہ نئی پارکنگ سائیٹ وسیع اور سہولیات سے آراستہ ہے، جس کے استعمال سے ٹریفک کی روانی میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں آئے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ماڈل ٹریفک پولیس شہریوں کو بہترین سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے اور پارکنگ کے مسائل کے حل کے لیے مزید اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس نے مشترکہ حکمتِ عملی تیار کی ہے جس کے تحت پارکنگ کے نظم و ضبط کو یقینی بنانے کے لیے سختی سے عمل درآمد کروایا جائے گا۔